عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کہا کہ موجودہ دنیا میںٹیکنالوجی بنی نوع اِنسان سے متعلق زیادہ تر چیزوں کی وضاحت کرتی ہے اور دُنیا بھر میں اُبھرتی ہوئی تکنیکی ترقی سے نمٹنے کے لئے اِنسان مستقبل سیکھنے کی ضرورت ہے ۔ مشیر موصوف نے اِن خیالات کا اِظہار گورنمنٹ کالج آف اِنجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (جی سی ای ٹی) میں اِنجینئرنگ ٹیکنالوجی میں ابھرتی ہوئی اور اِختراعی رجحانات(این سی اِی اِی آئی ٹی اِی ٹی) پر نویں قومی کانفرنس اور نمائش کے اِختتامی سیشن سے خطاب کرتے کیا۔اِس کانفرنس کا اِنعقاد جی سی اِی ٹی نے اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کھڑگ پور کے اِشتراک سے کیا تھا۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کانفرنس کے اِختتامی سیشن میں بصیرت اَفروز خطاب کرتے ہوئے ترقی کو آگے بڑھانے اور سماجی چیلنجوں سے نمٹنے میں اِختراع کے کلیدی کردار پر زور دیا۔ اُنہوں نے اِقتصادی ترقی کوفروغ دینے، مسابقت کو بڑھانے اوردیرپا ترقی کو فروغ دینے کے لئے اُبھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے اِس کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اِس کانفرنس نے ملک بھر کے ماہرین تعلیم ، محققین ، طلباء اور صنعت کے پیشہ ور اَفراد کو اِنجینئرنگ ٹیکنالوجی میں جدید ترقی اور تبدیلی کے رجحانات پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے اکٹھا کیا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس تقریب نے بصیرت اَفروز گفتگو، معلومات کے تبادلے اور تعاون کے لئے ایک منفرد پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا جس کا مقصد اِنجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں ترقی کو فروغ دینا ہے ۔ مشیرموصوف نے اَپنے خطاب کے دوران جموں و کشمیر کے جاری ترقیاتی سفر کے بارے میں بھی بات کی۔ اُنہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر ترقی اور ترقی کے تیز رفتارراہ پر گامزن ہے جہاں خوشحالی اور ترقی پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔اُنہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جموںوکشمیریوٹی جدید ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری حاصل کر رہا ہے کیوں کہ جموں و کشمیر کے پاس ملک کی بہترین صنعتی پالیسیوں میں سے ایک ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی تکنیکی ترقی میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے کیوں کہ جموںوکشمیر میں جوابدہی اور شفافیت کا نیا دور قائم ہوا ہے جس میں زائد اَز 1000 عوامی خدمات ڈیجیٹل طور پر دستیاب ہیں۔مشیرراجیو رائے بھٹناگر نے اِس عظیم الشان تقریب کے کامیاب اِنعقاد پر منتظمین کی بھی تعریف کی۔اِس موقعہ پر پرنسپل جی سی اِی ٹی ڈاکٹر سمیر و شرما نے خطاب کرتے ہوئے دو روزہ کانفرنس اہمیت کے بارے میں تفصیل سے بتایا کہ اِس طرح کی تقریبات کے اِنعقاد کا مقصد جموںوکشمیر کے اِنجینئر نگ طلباء کو اِنجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے جدید رجحانات سے روشناس کرنا ہے ۔اِس موقعہ پر آئی آئی ٹی کھڑگ پور کے پروفیسر راجا دتا نے بھی خطاب کیا۔اِس سے قبل مشیرراجیو رائے بھٹناگر نے این ایچ پی سی، پی ایف سی، سی وی پی پی، آئی او سی، بی اِی اِی، بی آئی ایس، جموں و کشمیر بینک، بی ایس این ایل، این آئی ای ایل آئی ٹی کے ساتھ ساتھ مختلف اِنجینئرنگ کالجوں کے قائم کردہ مختلف سٹالوں کا معائینہ کیا جس میں مختلف اِختراعی مصنوعات کی نمائش کی گئی تھی۔مشیرموصوف نے اِختتامی سیشن کے دوران مختلف مقررین، طلباء اور محققین میں ان کی اختراعات پر انعامات اور اسناد بھی تقسیم کیں۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ دو روزہ کانفرنس میں مدعو مذاکرے، نامور مقررین اور ریسورس پرسنوںکے مکمل مذاکرے اور اِس کے بعد پانچ تکنیکی سیشنوں اور ریسرچ پیپر پرزنٹیشنز شامل تھے۔