پائیدار امن اور ترقی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم:وزیر داخلہ
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کو کہا کہ جموں و کشمیر مستقل امن کی طرف بڑھ رہا ہے، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد سے تشدد کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔دہلی پولیس کے 79ویں یوم تاسیس کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے، شاہ نے کہا کہ ملک کے داخلی سلامتی کے منظر نامے میں گزشتہ دہائی کے دوران ایک غیر معمولی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر، شمال مشرقی اور بائیں بازو کے انتہا پسندی سے متاثرہ علاقوں میں تشدد میں 80 فیصد سے زیادہ کمی آئی ہے۔ شاہ نے کہا”وہ دن دور نہیں جب یہ علاقے تشدد سے مکمل طور پر آزاد ہو جائیں گے۔ 31 مارچ 2026تک ملک سے ماوازم کا خاتمہ ہو جائے گا”۔
تقریب کے دوران، وزیر داخلہ نے 375 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیے گئے نئے دہلی پولیس اسپیشل سیل انٹیگریٹڈ ہیڈ کوارٹر کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے اسے ملک کا سب سے جدید انسداد منشیات اور انسداد دہشت گردی کا مرکز قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ یہ ملک بھر میں پولیس فورسز کے لیے ایک معیار کے طور پر کام کرے گا۔شاہ نے فوجداری انصاف کے نظام میں اصلاحات پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگلے دو سالوں میں تین نئے فوجداری قوانین کے مکمل نفاذ کے ساتھ، ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے تک کا وقت کم ہو کر تین سال سے کم ہو جائے گا۔ شاہ نے تین نئے فوجداری قوانین کے مکمل نفاذ کے بعد، فوجداری مقدمات میں سزا کی شرح 80 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو اب فوجداری قانون میں واضح طور پر بیان کیا گیا ہے، جس سے مضبوط اور زیادہ موثر کارروائی ممکن ہو رہی ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت قومی سلامتی کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر میں پائیدار امن اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔شاہ نے دہلی پولیس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی دارالحکومت کو درپیش چیلنجوں سے کامیابی کے ساتھ نمٹنے میں کامیاب رہی ہے جو ملک کی جمہوریت کی دھڑکن اور اس کی عزت اور شناخت کی علامت ہے۔