جموں و کشمیر بینک اور اشوک لی لینڈ کے درمیان آپسی معاہدہ

۔4برسوں کیلئے 10لاکھ روپے کا ڈرایئور ٹرم انشورنس بھی فراہم ہوگا

 
سرینگر//جموں و کشمیر بینک نے کمرشل گاڑیاں بنانے والی ملک کی دوسری بڑی کمپنی اشوک لی لینڈ کے ساتھ ایک آپسی معاہدہ طے کیا ۔ جے کے بینک کیلئے اس معاہدے کا مقصد اپنے گاہکوں کو تجارتی گاڑیوں کی خرید میں آسائش اور کمپنی کی طرف سے مختلف اضافی فائدوں کو اپنے گاہکوں تک پہنچانا ہے۔ آپسی معاہدے پر بینک کی طرف سے وائس پریذیڈنٹ منظور حسین نے دستخط کئے جبکہ اشوک لی لینڈ کی طرف سے انکے رِٹیل فائنانس ہیڈ سویندو مویترا نے دستخط کئے۔ اس موقعہ پر بینک کے ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ ارون گنڈوترا ، لی لینڈ کے ہیڈ سیلز فائنانس ڈی ایس مدھو سودن، سیلز منیجر عمر میر اور بینک کے دیگر افسراں موجود تھے۔ اس موقعہ پر بینک کے ایکزیکٹیو پریزیڈنٹ نے کہا کہ اشوک لی لینڈملک کی سر کردہ کمپنی ہے اور اسکے ساتھ معاہدہ کرنا جموں و کشمیر بینک اور اسکے گاہکوں کیلئے سود مند ثابت ہوگا ۔ تجارتی گاڑیاں جیسے ٹرک، ٹپر اور سکول بسوں کو بنانے والی اس کمپنی کے ساتھ معاہدے کے ذریعے ہمارے کسٹمروں کو 15000 ہزار روپے کی مفت سروس کے علاوہ 4 برسوں کیلئے 10 لاکھ روپے کا ڈرایئور ٹرم انشورنس بھی فراہم ہوگا۔کمپنی کے سویندو مویترا نے کمپنی کے پروڈکٹس کے بارے میں بینک کے سبھی زونل ہیڈس کو آن لائن جانکاری دیدی۔ بینک کے زونل ہیڈ ارشد حسین اور شریش شرما نے کمپنی  کے ساتھ اس معاہدے کے اہم مدعوں پر بھی بات چیت کی۔