سرینگر//جموں وکشمیر بینک کی جانب سے مونگری ادھمپور میں گاہکوں کے ساتھ ایک آپسی ملاقات کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت زونل ہیڈ اُدھمپور سشیل گُپتا نے کی۔ اس میٹنگ کا مقصد بنیادی سطح پر اپنے گاہکوں کے تاثرات جاننے اور اُنہیں موجودہ دور میں بینکنگ سہولیات کی اہمیت اور خاص طور جموں و کشمیر بینک کی خدمات سے متعلق جانکاری پہنچانا تھا۔ اس میٹنگ میں گاہکوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور زونل سربراہ کے علاوہ بینک کے کلسٹر ہیڈ راجیش گُپتا، برانچ ہیڈ مونگری امر دیپ سنگھ بھی میٹنگ میں شریک تھے۔ زونل ہیڈ نے شرکاء کو بینک کی ڈجیٹل سروسز کا خاکہ پیش کیا اور اپنے سٹاف پر زور دیا کہ وہ عوام تک بینکنگ جانکاری پہنچانے میں اپنا رول نبھائیں اور خاص طور سرکاری سپانسرڈ اسکیموں کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں۔ اپنے گاہکوں کے ساتھ مالاقات کے دوران کلسٹر ہیڈ نے انہیں کسان کریڈٹ کارڈ اور انیمل ہسبنڈری کے حوالے سے مختلف سرکاری اسکیموں کا تعارف پیش کیا۔ میٹنگ میں شریک گاہکوں کو پرائم منسٹرس سرکشا بیمہ یوجنا اور پرائم منسٹرس جیون جیوتی یوجنا سے لاب اُٹھانے پر بھی زور دیا گیا۔شرکاء نے بینک کے تئیں اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے علاقے میں اے ٹی ایم نصب کر نے کی مانگ کی۔ مقامی لوگوں نے بینک انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ادھمپور کے دور افتادہ علاقوں میں بہتر طور بینکنگ خدمات پہنچارہا ہے اور پنجر جیسے پسماندہ گاؤں میںبینک کاEBU ہونااس بات کا ثبوت ہے۔ زونل ہیڈ نے میٹنگ میں شرکت کرنے کیلئے معزز گاہکوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انکے مشورے بینک کیلئے مشعل راہ ہیں۔