سری نگر// جموں و کشمیر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے کے ای جے اے سی) نے جمعرات کے روز یہاں پریس کالونی میں عارضی ملازمین کے مسائل و مشکلات کو لے کر احتجاج درج کرتے ہوئے کہا کہ اگر عارضی ملازمین کے مسائل کو حل نہیں کیا گیا تو جموں وکشمیر کے ساڑھے چار لاکھ ملازمین سڑکوں پر آئیں گے۔
احتجاجی ’ایل جی سرکار ہوش میں آؤ ہوش میں آؤ‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
اس موقع پر کمیٹی کے ایک عہدیدار نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ عارضی ملازمین کے مسائل خاص طور پر ان کی نوکریوں کی مستقلی اور منیمم ویجز ایکٹ لاگو کرنے کے لئے ہم آج احتجاج کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر ہفتے تب تک ان مسائل کو لے کر احتجاج درج کرتے رہیں گے جب تک ان کو حل نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ رہبر زراعت اور رہبر جنگلات کی نوکریوں کو مستقل کرنے کے لئے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔
موصوف نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو جموں وکشمیر کے ساڑھے چار لاکھ ملازمین سڑکوں پر آئیں گے۔