سرینگر //جموں و کشمیر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 7دنوں کے بعد 150سے زیادہ ہوگئی ہے۔ پچھلے24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے59ہزار 710ٹیسٹ کئے گئے جن میں 13مسافروں سمیت مزید 166افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ اس سے قبل 20اگست کو وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 159تھی۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 24ہزار 813ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں 3دنوں کے بعد ایک اور شخص وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4405ہوگئی ہے۔ جموں و کشمیر میں جمعہ کو 13سفر کرنے والوں سمیت مزید 166افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں 44جموں جبکہ 122کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 122افراد میں 7 بیرون ریاستوں اور ممالک سے سفر کرکے کشمیر پہنچے جبکہ دیگر 115مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے122افراد میں سب سے زیادہ 57افراد سرینگر میں متاثر ہوئے ہیں جبکہ بارہمولہ 16، بڈگام میں19، پلوامہ میں 2، کپوارہ میں 6، اننت ناگ میں 1، بانڈی پورہ میں3، گاندربل میں 17، کولگام میں 1 جبکہ شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 1ہزار 891ہوگئی ہے۔ کشمیر صوبے میں مسلسل چوتھے روز بھی وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2241بنی ہوئی ہے۔ جموںصوبے میں جمعہ کو مزید 44افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 6بیرون ریاستوں اور ممالک سے سفر کرکے کے بعد جموں پہنچے جبکہ دیگر 38افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے 44متاثرین میں ضلع جموں میں 9، ادھمپور میں 1، راجوری میں 2، ڈوڈہ میں10،کٹھوعہ میں2،کشتواڑ میں 17،پونچھ میں 2،ریاسی میں 1جبکہ سانبہ اور رام بن میں کوئی بھی شخص متاثر نہیں ہوا ہے۔متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 22ہزار 922تک پہنچ گئی ہے۔ جموں صوبے میں جمعہ کو 3دنوں بعد ایک شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ مرنے والے شخص کو چند دن قبل جی ایم سی راجوری میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ جمعہ کو فوت ہوگیا ۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2164ہوگئی ہے۔