سری نگر//جموں وکشمیر حکومت نے کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر اس یونین ٹریٹری کے سبھی اضلاع میں ہفتے کی صبح سے ’وویک اینڈ‘ لاک ڈاون کا اعلان کیا جس کے ساتھ ہی سبھی اضلاع میں اضافی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
اتوار کے روز بھی سری نگر سمیت وادی کے سبھی اضلاع میں اہم تجاراتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر جزوی ٹریفک بحال رہا۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ اتوار کے روز جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے سبھی اہم بازار اور تجارتی مراکز بند رہیں تاہم ایمرجنسی اور اہم سروز کو چلنے کی اجازت دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی گاڑیاں بھی شہر کے بازاروں میں گھوم رہی تھیں جن میں بیٹھے اہلکار ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاون کے نفاز کا اعلان کر رہے تھے۔
اُن کے مطابق اتوار کے روز معروف سنڈے مارکیٹ بھی بند رہا اور وہاں پر بھی جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر وویک اینڈ لاک ڈاون ناگزیر تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سری نگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں کورونا کے یومیہ کیسز لگاتار بڑھ رہے ہیں جس کے پیش نظر انتظامیہ کو ’وویک اینڈ‘ لاک ڈاون نافذ کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔
انہوں نے مزید کہاکہ اگر یومیہ کیسز میں اضافہ جاری رہا تو انتظامیہ مزید سخت اقدامات اُٹھانے پر مجبور ہو جائے گی۔
دریں اثنا وادی کے دیگر اضلاع میں بھی ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاون رہنے کی اطلاعات ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی کورونا کے یومیہ کیسز میں ہوشربا اضافہ ہو رہا ہے جس سے لوگوں میں تشوش کی لہر پھیل گئی ہے۔
یونین ٹریٹری انتظامیہ اس لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدام کر رہی ہے۔
سٹیٹ ایگزیکیٹو کمیٹی کی طرف سے ہفتے کو جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ یونین ٹریٹری میں ’ویک اینڈس‘ پر تمام غیر ضروری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ علاوہ ازیں یونین ٹریٹری کے تمام اضلاع میں شبانہ کرفیو رات کے نو بجے سے صبح کے چھ بجے تک مسلسل جاری رہے گا۔