نئی دہلی// وزیر اعظم کے دفترمیں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا ہے کہ مرکزی انفارمیشن کمیشن(سی آئی سی)آ ئندہ روز یعنی کہ 15 مئی 2020ء سے جموں و کشمیر اور لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے درخواست دہندگان کی اطلاعات حاصل کرنے کے حق (آر ٹی آئی) ایکٹ سے متعلق درخواستوں کی سماعت شروع کرے گا۔اس امر کا انکشاف ڈاکٹر جتندر سنگھ نے چیف انفارمیشن کمشنر جناب بمل جْلکا سے اپنی ایک ملاقات کے بعد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر و لداخ سے تعلق رکھنے والے درخواست دہندگان اب اپنے گھر سے آر ٹی آئی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں اور کسی بھی شخص کو باہر سفر کرنے کی ضرورت نہ ہوگی، خواہ وہ سی آئی سی کے لئے کوئی بھی اپیل کرے۔ ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ اس سے’’ گھر سے انصاف ‘‘مہیا کرنے کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ مرکز کے زیر انتظام دونوں علاقوں کے درخواست دہندگان اپنے یہاں کی انتظامیہ کے ذریعے نامزد افسران کے روبرو اپنی پہلی اپیل داخل کرسکتے ہیں اور دوسری سماعت سی آئی سی کے روبرو کئے جانے کے سلسلے میں سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ درخواست دہندگان آن لائن میکنزم کے وساطت سے کسی بھی وقت آرٹی آئی داخل کرسکتے ہیں۔ وزیر موصوف نے یہ بھی بتایا کہ اب بھارت کا کوئی بھی شہری جموں و کشمیر اور لداخ سے متعلق معاملات کے سلسلے میں آر ٹی آئی داخل کرسکتا ہے۔اس سے قبل یعنی 2019سے تشکیل نو کے ایکٹ سے پہلے صرف سابق ریاست جموں و کشمیر کے شہری ہی یہ درخواستیں داخل کرسکتے تھے۔یہاں اس بات کا ذکر کرنا مناسب ہوگا کہ جے اینڈ کے تشکیل نو ایکٹ 2019 جے اینڈ کے رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2009 اور ان کے تحت فراہم کردہ قواعد و ضوابط کو منسوخ کردیا گیا تھا۔ نیز اطلاعات حاصل کرنے کا ایکٹ 2005 اور متعلقہ قواعد جو ان کے تحت تفویض کئے گئے تھے، انہیں 31 اکتوبر 2019 سے نافذ کیا گیاتھا۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ وزارت داخلہ، عملہ اور تربیت اور مرکزی اطلاعاتی کمیشن کے دفاتر کی جانب سے جموں و کشمیر آر ٹی آئی ایکٹ 2009ء کوتغیر کے عمل سے گزار کر مرکزی آر ٹی آئی کی شکل میں لانے کے لئے جامع کوششیں کی گئیں۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ 10مئی 2020 تک جمو ں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے سے111دوسری اپیلیں شکایات سی آئی سی کے تحت درج کرائی گئی ہیں،یعنی تشکیل نو ایکٹ 2019 کے بعد یہ پیش رفت ہوئی ہے۔ سی پی آئی اور ایف اے اے کو تربیت فراہم کرنے کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں یعنی جموں وکشمیر و لداخ کے سرکاری حکام کو درج رجسٹر/مربوط کرنے کے سلسلے میں بھی کارروائی کی جارہی ہے، یعنی عملہ اور تربیت کے محکمے کے آرٹی آئی آن لائن پورٹل سے انہیں مربوط کرنے کے کام بھی شروع کیا گیا ہے۔فی الحال تمام تر انفارمیشن کمشنر حضرات معاملات کی سماعت کررہے ہیں اور سی آئی سی صدر دفاتر 33 فیصد سرکاری عملے کے ساتھ مصروف عمل ہیں۔ سینئر انفارمیشن کمشنر ان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے اپنے دفاترسے معاملات کی سماعت کررہے ہیں۔