جموں// جموں میں آج گرمیوں کا سب سے گرم دن دیکھنے میں آیا جہاں 14 سال بعد زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سینئر سائنس دان اور انچارج ایگرو میٹرولوجی سیکشن ، شیر کشمیر یونیورسٹی آف زرعی سائنس و ٹیکنالوجی جموںڈاکٹر مہیندر سنگھ نے بتایا کہ انھوں نے دن کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے طور پر 45.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا ہے اور موسم کا سب سے گرم دن ہے۔ڈاکٹر مہیندر سنگھ نے کہا’’آج دوپہراڑھائی بجے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44.8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ تاہم شام ساڑھے 5بجے بجے تک یہ دن کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی حیثیت سے 45.8 ڈگری سیلسیس تک جا پہنچا ، جو اس موسم (گرما) کا سب سے گرم دن بن گیا ‘‘۔تاہم انہوں نے کہا کہ کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیس تھا۔ گزشتہ روز جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.5 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیس تھا۔انہوں نے کہا کہ سال 2007 میں 9 جون کو انھوں نے اسی طرح کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت یعنی 45.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا تھا اور اسی درجہ حرارت (زیادہ سے زیادہ) کو آج 14 سال بعد دوبارہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سال 1995 میں انہوں نے 9 جون کو 45.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دو دن تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں اضافہ ہوتا رہے گا تاہم ہفتہ اور اتوار کے روز موسم ابر آلود رہ سکتا ہے جس سے لوگوں کو کافی راحت مل سکے گی۔انہوں نے کہا"ہم گرمی کے دن مئی کے مہینے میں بھی گزارتے تھے۔ تاہم پچھلے 4 سال سے ہم نے ریکارڈ کیا ہے کہ جون کے مہینے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے زیادہ رہ گیا ہے جو مئی کے مہینے میں ہوا کرتا تھا "۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سال سے مسلسل آب و ہوا میں بدلاؤ آرہا ہے۔