سید امجد شاہ
جموں//گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ہسپتال کے پرنسپل ڈاکٹر ششی سودھن نے کہا کہ جموں میں پچھلے دو سے تین ہفتوں میں کووڈ کے کیسز میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ڈاکٹر ششی نے کہا’’بچوں میں کورونا دوبارہ پیدا ہونے کا رجحان اس وقت دیکھا گیا جب آٹھ نابالغوں کو ان کے علاج کیلئے ہسپتال (گاندھی نگر، ایم سی ایچ) میں داخل کیا گیا‘‘۔جی ایم سی پرنسپل نے کہا کہ نئے وائرس کی علامات میں کھانسی، چھینکیں شامل ہیں اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ سماجی دوری اپنائیں اور ماسک پہنیں تاکہ خود کو سانس کے وائرس سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جی ایم سی جموں کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ تاہم، ہسپتالوں، عملے اور آلات کی تیاری کو جانچنے کے لیے اپریل مہینے کے دوسرے ہفتے (10 اپریل 2023) میں ایک فرضی مشق کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دسمبر 2019 کے مہینے میں، جموں و کشمیر میں کووڈ وائرس پھیل گیا تھا اور اس نے اپنے ظہور کے بعد سے مسلسل تبدیلیاں کیں۔انکاکہناتھا”ہمیں معلوم تھا کہ یہ آر این اے وائرس ہے اور مختلف مراحل میں پھیلتا ہے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیش گوئی کی گئی تھی کہ بچے متاثر ہوسکتے ہیں اور لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں۔