جموں//جموں میں ضلع انتظامیہ نے مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ (پی آر سی) رکھنے والوں کو ان کی دہلیز پر ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر ریونیو (اے سی آر)جموں وجے کمار شرماکے مطابق انتظامیہ نے اب تک مجموعی طور پر 1 لاکھ 55 ہزار 358 اسناد جاری کئے ہیں ، اس میں سے پی آر سی ہولڈرز کو 1 لاکھ 38ہزار 732 کو دیئے گئے۔انہوں نے بتایاکہ ضلع میں غیر مقامی افراد کو 14 ہزار833ڈومیسائل جاری کردیئے گئے ہیں۔شرما نے کہا کہ انتظامیہ PRC ہولڈروں کے لئے ڈومیسائل جاری کرنے کے عمل کو کسی پریشانی کے بغیر انجام تک پہنچاناچاہتی ہے، لہٰذا پہلے دیہی علاقوں جیسے نگروٹہ ، ڈھنسال اور دیگر مقامات کے لئے وین سروس کا آغاز کیا گیا اور بعد میں جموں ضلع کی تمام 20 تحصیلوں کے شہری علاقوں کو اس میں شامل کیاگیا۔اے سی آر جموں نے کہا’’محکمہ مال کے عہدیدار شہر کے کچھ حصوں میں وارڈوں کا دورہ کرتے ہیں اور پی آر سی ہولڈرز کو اسی دن ڈومیسائل جاری کرتے ہیں‘‘۔تاہم غیر مقامی لوگوں کو اپنے متعلقہ دفتر میں رہائش کے لئے اپنی دستاویزات پیش کرنا ہوں گی۔ انہوں نے بتایا’’ہم ان کے دستاویزات کی مناسب جانچ پڑتال کے بعد انہیں ڈومیسائل جاری کرتے ہیں جو جموں و کشمیر میں ان کے قیام کی مدت کی تصدیق کرتے ہیں‘‘۔ان کاکہناتھا’’ہم غیر مقامی لوگوں کو موقعہ پر ڈومیسائل جاری نہیں کرتے،یہ سروس صرف پی آر سی ہولڈرز کے لئے ہے، ہمیں غیر مقامی افرادکی دستاویزات کی تصدیق کرنی ہوتی ہے اسی لئے ہم ان سے دستاویزات طلب کرتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ لوگ آن لائن کے مقابلے میں آف لائن زیادہ درخواست دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کچھ نے آن لائن درخواست دی ہے تو پھر بھی وہ ڈومیسائل حاصل کرنے کے لئے تحصیل دفتر سے رجوع کرتے ہیں۔