جموں میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں زوروں پر

جموں //جموں شہر میں ٹریفک نظام سدھار آہستہ آہستہ کم ہونا شروع ہو گیاہے ۔ٹریفک نظام میں پھر سے آئی خامیوں ،قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں اورمسافرومال برداراورنجی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی من مانیوں پرقابوپانے کیلئے متعلقہ حکام کی طرف سے کوئی کارگراقدامات نہیں اٹھا ئے جارہے ہیں ۔ٹریفک نظام کی بدحالی کے نتیجے میں اوسطاً ہرروز کوئی نہ کوئی سڑک حادثہ رونما ہوجاتاہے ۔اس کے باوجود ٹریفک نظام میں سدھارلانے کیلئے کوئی فوری نوعیت کے اقدامات نہیں اُٹھائے جارہے  جس کی وجہ سے جموں یونیورسٹی بکرم چوک ،جیول چوک اورجانی پورو دیگر علا قوں میں مسافر بردار گاڑیاں چوکوں کے درمیان ہی روک دی جاتی ہیں جوٹریفک جام کا سب سے بڑ اسبب بنتاہے ۔سرمائی راجدھانی میں سیول سیکرٹریٹ کے منتقل ہو نے کے بعد ٹریفک بھی بڑ ھ گیاہے لیکن انتظامیہ کی طرف سے اس نظام میں سدھار کیلئے کوئی اقدام نہیں کیاجارہا۔یونیورسٹی کے ایک طالب علم ایاز احمد نے بتایاکہ پچھلے ایک سال کے دوران جموں کے ٹریفک نظام میں کافی سدھار آیاتھا لیکن بسنت رتھ کے بطور آئی جی ٹریفک تبادلے کے بعد نظام پھر سے خراب ہوگیاہے اور ڈرائیوروں و ٹرانسپورٹروں کی من مانیاں زوروں پر ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ایسا ہرگز نہیں ہے کہ جموں میں یہ نظام بہتر نہیں بنایاجاسکتا لیکن اس کیلئے ٹریفک حکام کو عملی طورپر کام کرناہوگا جیسا کہ بسنت رتھ نے کردکھا یا ۔