جموں //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے منعقدہ میٹنگ میں صوبہ جموں کے اضلاع میں محرم الحرام کے سلسلے میں کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں اے ڈی جی پی جموں زون مکیش سنگھ، صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لنگر، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں انشل گرگ، ایس ایس پی جموں ، ایس ایس پی ٹریفک ، ڈائریکٹر ایس ایس اینڈ سی اے ،پی ایچ ای کے چیف انجینئران ، جے پی ڈی سی ایل ،جوائنٹ ڈائریکٹر اِنفارمیشن نمرتا ڈوگرہ کے علاوہ لائن ڈیپارٹمنٹوں کے سینئر اَفسران نے شرکت کی جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنران سانبہ، رام بن ، پونچھ مع دیگر متعلقہ اَفسران اورمذہبی کمیونٹیوں کے نمائندے اور دیگر متعلقہ محکموں کے اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔ میٹنگ میں حفظانِ صحت ، سیکورٹی ، ٹریفک مینجمنٹ ، واٹر پاور سپلائی کے علاوہ دیگر ضروری اِنتظامات پر سیر حاصل بحث ہوئی۔دورانِ میٹنگ مشیر موصوف کو محرم الحرام کے لئے کئے جانے والے اِنتظامات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ اُنہوںنے کہا کہ اُنہوں نے شیعہ برادری اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کو پہلے ہی ہدایت دی گئی کہ محرم الحرام سے متعلق تمام یادگاری تقریبات اور جلوسوں کو آسانی سے چلائیں۔شیعہ فیڈریشن کے نمائندوں نے مشیر موصوف کے سامنے اَپنی ضروریات پیش کیں اور محرم الحرام کے لئے طے شدہ پروگراموں سے بھی آگاہ کیا۔مشیر موصوف نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ بلا تعطل بجلی اور پینے کا صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں اور اَیام محرم میں صفائی کی باقاعدہ مہم چلائیں۔اُنہو ں نے جے ایم سی کو امام بار گاہ اس کے اطراف میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور خراب سٹریٹ لائیٹوں کو تبدیل کرنے کی ہدایت دی ۔اُنہوں نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنران کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے متعلقہ اَضلاع میں جائزہ میٹنگ منعقد کریں۔اُنہوں نے مذہبی آرگنائزیشنوں اور مذہبی رہنماﺅں پر زور دیا کہ وہ کووِڈ کے مناسب طرز عمل کو سختی سے اَپنائیں اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق اجتماعات کو محدود کریں۔ مذہبی آرگنائزیشنوں نے اَپنے مکمل تعاون کا اِظہار کیا کہ تمام ایس او پیز پر ایام محرم میں عمل کیا جائے گا۔