جموں// انجمن امامیہ جموں کی جانب سے شہدائے کربلا کے چہلم کی یاد میں جلوس نکالا گیا۔ سوگواروں نے محدود ہدایات کے ساتھ شہدائے کربلا کو خراج تحسین پیش کیا۔ چہلم کا جلوس انجمن امامیہ جموں کے بینر تلے درگاہ پیر مٹھا صوفی شاہ سے نکالا گیا۔ مختلف عقائد کے لوگوں نے کربلا کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔ جلوس اپنے روایتی راستے سے ہوتا ہوا کربلا بازار روڈ پر اختتام پذیر ہوا۔ایران کلچر ہاؤس دہلی کے مولانا سید جلال حیدر نقوی نے اجتماع سے خطاب کیا اور امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات پرروشنی ڈالی۔ انہوں نے بیان کیا کہ کس طرح امام حسین (ع) نے اپنے اور اپنے 72 ساتھیوں کو پیش کرکے اسلام کی حقیقی اقدار اور تعلیمات کو بچایا۔ سوگواروں نے الم اور تعزیہ کا جلوس نکال کر امام حسین (ع) کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر انجمن امامیہ سید امانت علی شاہ نے کہا کہ بنیادی طور پر ہم پوری انتظامیہ کے اس دن کی یاد میں ان کے تعاون پر شکر گزار ہیں ۔نائب صدر انجمن سید آفاق حسین کاظمی نے سوگواروں سے اپیل کی کہ وہ کووڈہدایات پر عمل کریں ۔فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے احساس کو زندہ رکھتے ہوئے ایک بار پھر جموں نے بھائی چارے کی مثال دکھائی کیونکہ مختلف برادریوں کے لوگوں نے جلوس میں شرکت کی۔