عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں سہ پہر کے بعد طوفانی ہوائیں چلنے سے خوف و ہراس کا ماحول پھیل گیا اور لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے۔معلوم ہوا ہے کہ آندھی چلنے سے کھمبے اور درخت اکھڑ گئے جس وجہ سے اکثر علاقوں میں بجلی متاثر ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز جموں میں تیز آندھی چلنے سے درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ جموں شہر کے اکثر علاقوں میں طوفانی آندھی چلنے سے متعدد ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گریٹر کیلاش جموں میں آندھی اس قدر تیز تھی کہ ایک سکوٹی ہوا میں اڑ گئی اور ترسیلی لائنوں میں پھنس کر رہ گئی جس کو دیکھنے کے لئے لوگوں کی بھیڑ امڑپڑی۔ ان کے مطابق متعدد علاقوں میں تیز آندھی کی وجہ سے رہائشی مکانوں اور دکانوں کے شیشے بھی چکنا چور ہوئے ہیں۔ جموں کے چھانی میں تیز بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی اور پانی دکانوں کے اندر گھس آیا۔تیز ہوائیں چلنے سے کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔