جموں میں تخریبی سرگرمیوں کیلئے حوالہ رقم ضبط

 جموں// اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ نے کہا ہے کہ پولیس نے گاندھی نگر میں کوکر ناگ کے ایک رہائشی کو 6.90 لاکھ روپے حوالہ رقم کے ساتھ گرفتار کیا  اور تین دیگر کو بھی حراست میں لیا گیا ۔ان پٹس پر عمل کرتے ہوئے اے ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس کو ان نامعلوم افراد کے بارے میں انٹیلی جنس ان پٹ موصول ہوا جو جموں میں حوالات کی رقم وصول کرنے جارہے تھے اور اسی کے مطابق شہر میں چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے تھے۔چیکنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ محمد شریف شاہ (64) نامی شخص کو گاندھی نگر سے گرفتار کیا گیا ہے، جو سید پورہ، لارنوکوکرناگ کا رہائشی ہے۔پولیس ٹیم نے اس کی گرفتاری کے دوران اس کے قبضے سے چھ لاکھ نوے ہزار برآمد کئے۔ انہوں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ ضبط شدہ حوالات کی رقم جموں میں تخریبی سرگرمیوں کے لیے تھی جب کہ سابق وزیر بابو سنگھ اس معاملے میں مفرور ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ "شریف شاہ سے پوچھ گچھ کی گئی جس کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں نیچر – مینکائنڈ فرینڈلی گلوبل پارٹی کے چیئرمین جتندر سنگھ عرف بابو سنگھ کٹھوعہ نے عمر نامی ایک شخص سے سری نگر میں رقم اکٹھی کرنے کا کام سونپا تھا۔"تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے مزید کہا کہ "شریف ،عمر سے رقم حاصل کرنے کے بعد جموں آیا  اور اسے پولیس نے پکڑ لیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پوچھ گچھ پر شریف نے اپنے مقامی ساتھیوں اور غیر ملکی ساتھیوں کے نام بھی بتائے، جن میں جاوید اور خطیب پاکستان زیر انتظام کشمیر کے رہائشی اور ٹورنٹو کا فاروق خان شامل ہیں۔ ملزم محمد شریف ایک خفیہ واٹس ایپ گروپ کا ایڈمن بھی ہے جس کے ممبران پاکستانیوں اور سعودیوں تک محدود نہیں ہیں۔اسکے تین ساتھیوں ایس گوردیو سنگھ ساکن جموں، سدھانت شرما ساکن کٹھوعہ اور محمد شریف سرتاج جموں کو بھی حوالہ کے لین دین سے متعلق پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔اس کیس کے حوالے سے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔