جموں//(یو این آئی) جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں تعینات انڈین ایئر فورس کے ایک افسر نے مبینہ طور پر اپنے آپ پر گولی چلا کر خودکشی کر لی ہے۔ صوبہ جموں میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران آئی اے ایف کے کسی اہلکار یا افسر کی خودکشی کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ قبل ازیں 8 اگست کو ایئر فورس سٹیشن ادھم پور میں سنتری کی ڈیوٹی پر تعینات 22 سالہ جوان شوبھم سنگھ پرمار ساکنہ کانپور اتر پردیش نے خود پر گولی چلا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا تھا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں کے مضافاتی علاقے کالو چک میں واقع ایئر فورس سٹیشن میں بحیثیت وارنٹ افسر تعینات اندر پال سنگھ ساکنہ اتر پردیش نے جمعہ کو خود پر گولی چلا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے معاملے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو پایا ہے کہ آئی اے ایف کے اس وارنٹ افسر نے یہ انتہائی سخت قدم کیوں اٹھایا ہے۔وزیر مملکت برائے دفاعی امور شریپد نائیک نے گذشتہ برس دسمبر میں لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ خودکشی کے ان 1113 معاملوں میں سے فوج میں 891، بھارتی فضائیہ میں 182 اور بحری فوج میں 40 اہلکاروں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔