جموں میونسپل کارپوریشن بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام:ابہے بقایہ

جموں//اپنی پارٹی یوتھ ونگ ریاستی جنرل سیکریٹری ابہے بقایہ نے شہر میں بنیادی سہولیات مہیا کرنے میں ناکام رہنے پر جموں میونسپل کارپوریشن کی کڑے لفظوں میں مذمت کی ہے۔ جموں مغرب میں منعقدہ ایک عوامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ جموں میونسپل کارپوریشن حکام نے ڈوگرہ چوک کے نزدیک ورٹیکل گارڈن کی تعمیر اور شہر بھر میں سائن بورڈ کی تنصیب سے سمارٹ سٹی پروجیکٹ مکمل کر لیا ہے لیکن حقیقت میں کوئی ترقی نہیں، جموں میونسپل حدود میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا کوئی میکانزم نہیں ہے۔جہاں تک وارڈوں کی ترقی کا تعلق ہے، جموں میونسپل کارپوریشن کی طرف سے کوئی اقدامات نہیں اُٹھائے گئے اور روزمرہ مسائل جیسے کہ گلیوں، نالیوں، راستوں کی صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی اور بجلی سپلائی کی فراہم کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے جو کئی مختلف وارڈوں میں شہریوں کو درپیش اہم مسائل ہیں۔ ریاستی جنرل سیکریٹری یوتھ ونگ وارڈ نمبر41میں منعقدہ میٹنگ میں بول رہے تھے جس کا اہتمام آرگنائزنگ سیکریٹری کشمیری پنڈت ونگ وویک سپرو نے کیاتھا۔ اس میٹنگ میں نوجوانوں سے متعلق کئی مور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو بے روزگاری کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، سرکاری محکمہ جات میں ہزاروں اسامیاں خالی ہیں جنہیں حکومت مشتہر نہیں کر رہی۔