محمد تسکین
بانہال // صدر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور سابقہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ہفتے کے روز وادی چناب کے تین روزی دورے کے دوران ڈاک بنگلہ بانہال پہنچیں جہاں انہوں نےپارٹی کارکنوں سے ملاقات کی۔ تاہم، انہوں نے اپنے دورے کے دوران میڈیا سے بات نہیں کی۔محبوبہ مفتی بانہال سے جموں کیلئے روانہ ہوگئیں جہاں سے وہ 30مارچ کو وادی چناب کے علاقوں کا تین روزہ دورہ کرنے والی ہیں۔ اس موقع پر پی ڈی پی کارکنوں اور مقامی لیڈروں نے جموں و کشمیر ٹیریٹوریل ایڈمنسٹریٹو ری آرگنائزیشن بل 2026، جسے پی ڈی پی ممبر اسمبلی وحید الرحمان پری نے اسمبلی میں پیش کیا ہے، کا خیرمقدم کیا ہے۔ بانہال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ڈی پی زونل صدر بانہال عارف وانی اور چناب ویلی کے یوتھ سیکریٹری محسن خان نے بل کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں بانہال کو ضلع کا درجہ دینے اور چناب ویلی و پیر پنجال خطے کے لیے نئی انتظامی ڈویژنوں کا قائم کرنے کی تجویز شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن اس تجویز پر پُرامید ہیں اور امید ظاہر کی کہ خطے کے دیرینہ انتظامی اور ترقیاتی مطالبات کو پورا کرنے کے لیے یہ بل اسمبلی میں منظور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نیشنل کانفرنس سرکاری اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وحید الرحمان پرہ کیطرف سے چناب کو نیا ڈویژن اور بانہال کو ضلع کا درجہ دینے کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں اور یہ بل عوامی خواہشات کی ترجمان بل ہے۔ اس موقع پر پی ڈی پی کارکن اور سابقہ سرپنچ غلام رسول نے بتایا کہ پنچایتی راج کے خاتمے اور نئی حکومت کے آنے کے بعد سے پرائم منسٹر آواس یوجنا کے تحت مکان تعمیر کرنے والے غریب کنبوں کی رقومات واگزار نہیں کی گئی ہیں اور دیہی علاقوں میں تعمیر و ترقی کا نظام ٹھپ ہو کر رہ گیا یے ۔