عظمیٰ نیوز سروس
جموں//محکمہ موسمیات اور موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیاہے کہ جموں وکشمیر بالخصوص جموں خطے کے راجوری ،پونچھ اورریاسی اضلاع میں اگلے48گھنٹے موسمی تغیر وتبدل کے اعتبارسے خطرات کاموجب بن سکتے ہیں ،کیونکہ اس دوران اجوری ،پونچھ اورریاسی اضلاع میں موسلا دار بارشوں اوربادل پھٹنے کے نتیجے میں اچانک سیلابی ریلے آسکتے ہیں ،جس کے نتیجے میں اضافی پانی آبادی والے علاقوںمیں داخل ہوکر املاک اور فصلوں کے نقصان کاموجب بن سکتاہے ۔
سری نگرمیں قائم محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے جمعہ کی صبح 10بجے اگلے 48گھنٹوں کے دوران رہنے والی موسمی صورتحال سے متعلق ایک بیان جاری کیا ،جس میں انہوں نے کہاکہ کشمیر وادی کے کچھ علاقوں بشمول گاندربل کے کئی مقامات اور جموں خطے کے راجوری ،پونچھ اورریاسی اضلاع میں بادل چھائے رہنے کے بیچ کہیں ہلکی اورکہیں تیز بارش ہوئی اورابھی بھی ہورہی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ پونچھ، راجوری اور ریاسی اضلاع کے کچھ مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 22 جولائی کو جموں کے کئی مقامات اور کشمیر کے بکھرے ہوئے مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ پونچھ اور راجوری کے خطرناک مقامات پر آج سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے سری نگرجموں قومی شاہراہ ،مغل روڑ اور دیگرسڑکوں پر مٹی کے تودے اورپسیاں گرآنے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور ندی نالوں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہیں۔