شدید بارش ، آسمانی بجلی گرنے،بادل پھٹنے ، اچانک سیلاب، زمین کھسکنے کی پیشگوئی
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے روز جموں خطے میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کے پیش نظر اورنج یانارنجی الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اپنی تازہ موسم کاری میں بتایاکہ11اور 12جولائی کو جموں ڈویژن، چناب ویلی اور پیر پنجال رینج کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کیساتھ ہلکی سے شدید جب کہ بعض مقامات پر انتہائی موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے آسمانی بجلی گرنے،بادل پھٹنے،اچانک سیلاب (فلیش فلڈ)، لینڈ سلائیڈنگ اور ملبہ گرنے کے خطرات بھی ظاہر کیے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ 11 جولائی کی صبح سے جموں میں موسم کا رخ بدلنے کی توقع ہے اور علی الصبح گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے، جو دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً35 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ کم سے کم 25 سے27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔11اور 12 جولائی کے دوران چناب ویلی اور پیر پنجال کے حساس علاقوں میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں سطح آب اچانک بلند ہو سکتی ہے۔محکمہ نے مزید بتایا کہ13 سے16 جولائی تک جموں ڈویژن میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض مقامات پر ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ 17سے19جولائی کے درمیان بارش کا ایک نیا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جس کے دوران کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران پہاڑی علاقوں، چناب ویلی اور پیر پنجال رینج کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں، ندی نالوں اور برساتی کھڈوں سے دور رہیں، گرج چمک کے دوران کھلے میدانوں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کے نیچے کھڑے نہ ہوں، جبکہ کسان فصلوں اور نکاسی آب کے مناسب انتظامات کو یقینی بنائیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر گاڑی چلانے والوں کو بھی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ایس ڈی آر ایف اور متعلقہ محکموں کی ٹیمیں الرٹ پر ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔