جموں //گپکار الائنس نے جموں خطہ میں 26 کے قریب ڈی ڈی سی نشستوں پر جیت درج کی ہے ۔دنسال ڈی ڈی سی حلقہ میں نیشنل کانفرنس کے امیدوار نے بی جے پی کے امیدوار کو744ووٹوں سے شکست سے دوچار کر دیا ۔جموں خطے کی کل 140 ڈی ڈی سی نشستوں میں سے بی جے پی نے چار اضلاع یعنی جموں ، اودھم پور ، کٹھوعہ اور سانبہ کی 48 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور جموں کے 10اضلاع میں مجموعی طور پر 72نشستوں پر کامیابی حاصل کی ، تاہم کانگریس جماعت ان چاروں اضلاع یعنی جموں ، کٹھوعہ ، سانبہ اور ادھمپور میں ایک بھی نشست نہیں جیت سکی۔بی جے پی کی طرف سے جارحانہ انتخابی مہم کے باوجود ، گپکار اتحاد کی جماعتوں یعنی ، نیشنل کانفرنس نے 24 ،پی ڈی پی 1 اور کانگریس پارٹی نے اس خطے میں 17 نشستیں حاصل کیں اور زیادہ تر نشستیں جموں خطہ کے چناب اور پیر پنچال سے تھیں ۔ صوبے میں 20 آزاد امیدوار بھی جیت چکے ہیں ۔جبکہ اپنی پارٹی کے 3امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں ۔نیشنل پینتھرس پارٹی کے 2 امیدواروں نے اودھمپور سے کامیابی حاصل کی ،جبکہ بہوجن سماج پارٹی کا ایک امیدوارسانبہ ضلع میں کامیاب ہوا ۔کشتوارڑمیں نیشنل کانفرنس نے 6 ، کانگریس پارٹی نے 3 ، بی جے پی نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ، اور 2 آزاد امیدواروں وہاں سے کامیاب ہوئے ۔ ضلع ڈوڈہ میں کانگریس پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کیں ،ایک نیشنل کانفرنس امیدوار عاصم ہاشمی نے گندنہ حلقہ انتخابات سے بی جے پی لیڈر اور سابق وزیر شکتی پرہار کو شکست دی ۔اسی طرح رام بن ضلع میں ’ نیشنل کانفرنس نے 6 ، بی جے پی نے 3 ،کانگریس نے 2 اور3آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں ۔ضلع ریاسی میں نیشنل کانفرنس نے 3، بی جے پی 7 ،اپنی پارٹی 2 نشستوں پر کامیاب ہوئی جبکہ وہاں کانگریس نے 1اور آزاد امیدوار نے 1 نشست جیت لی ۔پونچھ ضلع کے 14ڈی ڈی سی حلقوں میں بی جے پی کھاتہ نہیں کھول سکی۔ وہاں 8 آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ،کانگریس نے 4اور نیشنل کانفرنس نے 2سیٹوں پر قبضہ جما لیا ۔ راجوری ضلع میں 5نیشنل کانفرنس اور 1پی ڈی پی کے حصہ میں آئیں جبکہ کانگریس نے 3نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور ایک نشست آزاد امیدوار کے حصہ میں آئی ۔
جموں، ادہمپور، کھٹوعہ اور سانبہ میں کانگریس کا صفایا
