جماعت اسلامی وابستگان کیخلاف ابتک کی سب سے بڑی کارروائی

  زکوٰة، اور بیت المال کے فنڈز ر علیحدگی پسندانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنیکا الزام

 سرینگر// قومی تفتیشی ایجنسی(این آئی اے) نے اتوار کو کالعدم تنظیم جماعت اسلامی کے خلاف درج مقدمات کے سلسلے میںجموں و کشمیر کے14اضلاع میں56 مقامات پر چھاپے مارے۔این آئی اے کا کہنا ہے کہ چھاپوں کے دوران قابل اعتراض دستاویزات اور الیکٹرانک آلات برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔این آئی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے 14 اضلاع میں جماعت اسلامی کے خلاف درج کیس RC-03/2021/NIA/DLI کے سلسلے میں متعدد مقامات پر تلاشی لی گئی ۔بیان میں کہا گیا کہ اتوار کو سرینگر ، بڈگام ، گاندربل ، بارہمولہ ، کپواڑہ ، بانڈی پورہ ، اننت ناگ ، شوپیاں ، پلوامہ ، کولگام ، رام بن ، ڈوڈہ ، کشتواڑ اور راجوری میں 56 مقامات پر تلاشی لی گئی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی تفتیشی ایجنسی نے وزارت داخلہ کے حکم کے مطابق5فروری2021کو جماعت اسلامی کی علیحدگی پسندی اور علیحدگی پسند سرگرمیوں سے متعلق مقدمہ درج کیا ، جو کہ ملک دشمن قانون کے تحت 28فروری2019کو ممنوع قرار دینے کے بعد غیر قانونی تنظیم ہے۔ بیان میں کہا گیا ”تنظیم کے ممبران اندرون اور بیرون ملک عطیہ کے طور پر فلاحی سرگرمیوں کےلئے زکوٰة، اور بیت المال کی شکل میںفنڈز جمع کر رہے ہیں لیکن یہ فنڈ پرتشدد اور علیحدگی پسندانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں“۔ ترجمان نے کہا ہے ” جماعت اسلامی کے جمع کردہ فنڈز کو کالعدم جنگجو تنظیموں جیسے حزب المجاہدین ، لشکر طیبہ وغیرہ کو کارکنوں کے منظم نیٹ ورکس کے ذریعے بھیجا جا رہا ہے۔“ بیان میں کہا گیا کہ جماعت اسلامی متاثر کن نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتی رہی ہے اور جموں و کشمیر میں نئے ممبران (رکن) بھرتی کر رہی ہے تاکہ خلل ڈالنے والی علیحدگی پسند سرگرمیوں میں حصہ لیاجاسکے۔ بیان میں کہا گیا کہ اتوار کو تلاشیوں میں کالعدم جماعت کے لیڈروں ، اس کے ممبروں اور ٹرسٹوں کے دفاتر بھی شامل ہیں، جو کہ مبینہ طور پر جماعت اسلامی کے زیر انتظام ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اتوارکی تلاشی کے دوران ، مشتبہ افراد کے گھروں سے مختلف قابل اعتراض دستاویزات اور الیکٹرانک آلات ضبط کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق کیس میں مزید تفتیش جاری ہے۔ 

وسطی کشمیر

 ذرائع کے مطابق ’این آئی اے ‘ نے سرینگر میں فلاح عام ٹرسٹ نوگام کے دفاتر کے علاوہ غازی معین الاسلام ساکن صورہ، غلام محمد بٹ حال ایچ آئی جی کالونی بمنہ،بشیر احمد لون ساکن ہارون اور فہیم رمضان ساکن لال بازار کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے۔ وسطی ضلع بڈگام میں ڈاکٹر محمد سلطان بٹ، جو 2019 سے پاکستان میں مقیم ہیں ، غلام محمد وانی اور گلزار احمد شاہ ساکنان سوئیہ بگ ، ریاض احمد صوفی ساکن شولی پورہ اور محمد عبداللہ وانی ساکن وڈون بڈگام حال مندر باغ باغات سرینگر کے گھروں پر بھی چھاپے ڈالے گئے۔وسطی ضلع گاندربل کے کنگن سے نامہ نگار غلام نبی رینہ کے مطابق اتوار کو این آئی اے نے کنگن میں عبدالمجید اور گنڈ میں فاروق احمد بٹ جوکہ پولیس محکمہ میں تعینات ہے، کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم ان کے گھروں سے کچھ برآمد نہیں کیا گیا ۔این آئی اے نے گل محمد وار ساکن منی گام لار گاندربل، ظہور احمد ریشی، معراج الدین ریشی ساکنان صفا پورہ گاندربل اور عبدالحمید بٹ ساکن بٹونہ گاندربل کے گھروں کی تلاشیاں لیں۔

جنوبی کشمیر

 شوپیاں سے نامہ نگارشاہد ٹاک نے کہا کہ شوپیان ضلع کے ملڈیرہ اور نادی گام علاقوں میں بھی چھاپے مارے گئے۔نادی گام میں این آئی اے کی طرفسے جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر حمید فیاض( فی الوقت نظر بند) کے بھائی ریاض احمد گنائی ولد محمد یاسین گنائی کے گھر پر چھاپہ مارا۔ کولگام میں این آئی اے نے سابق امیر جماعت غلام حسن شیخ ساکن تاری گام اور محمد یوسف راتھر ساکن بولسو کے گھروں پر چھاپے مارے۔ان کا کہنا تھا کہ اننت ناگ میں مشتاق احمد وانی اور نذیر احمد رینہ ساکنان لوہرسینزی کوکر ناگ کے علاوہ فاروق احمد خان ساکن سند براری کوکرناگ، آفتاب احمد میر ساکن بدورہ اچھ بل اور احمد اللہ پاری ساکن کھرم بجبہاڑہ کے رہائشی مکانوں کی بھی تلاشیاں عمل میں لائی گئیں۔

شمالی کشمیر

 بارہمولہ میں این آئی اے نے پیر غیاث الدین شاہ ساکن واگورہ اور سابق اوقاف صدر عبدالرحمن شالہ ساکن باغ اسلام بارہمولہ کے رہائشی مکانوں کی تلاشیاں لیں۔اولڈ ٹاﺅن بارہمولہ میں عبد الغنی کے گھروں کی تلاشیاں لی گئیں۔ بانڈی پورہ میں محمد سکندر ملک ساکن گنڈ پورہ کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی۔انن ون کرالہ گنڈہندوارہ میں 10سال قبل قیم جماعت اسلامی رہے غلام قادر لون کے گھر پر بھی چھاپہ ڈالا گیا۔ کل پورہ سلہ کوٹ کپوارہ میں عبدالصمد بٹ کے گھر سے چھاپے کے دوران ایک پاس بک ، ایک پاسپورٹ، بارہ بور رائفل اور ایک موبائل فون ضبط کیا گیا۔ سنر درد پورہ لولاب میں سابق پرنسپل یتیم ٹرسٹ بمنہ غلام محمد شاہ کے گھر کی بھی تلاشیاں لی گئیں۔سابق امیر ضلع کپوارہ عبدالجبار پائر کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی۔

خطہ چناب

 نامہ نگار محمد تسکین کے مطابق قومی تحقیقاتی ایجنسی نے بانہال میں دو الگ الگ رہائشی مقامات پر بیک وقت تلاشی کارروائیاں کیں اور یہ سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا ۔ چھاپہ ماری کی یہ کارروائی بزرگ دینی رہنما ، خطیب مرکزی جامع مسجد بانہال اور جماعت اسلامی کے سابق ضلع صدر رام بن عبدالاحد مسرور ساکن رلو بانہال اور جماعت اسلامی کے موجودہ ضلع صدر غلام نبی سوہل ساکن شگن تحصیل کھڑی کے گھروں پر کی گئی ۔ عبد الاحد مسرور کے گھر سے موبائل فون، ٹیپ ریکارڈر کی کیسٹیں اور پین ڈرائیو ضبط کی گئیںجبکہ غلام نبی سوہل کے گھر سے دو موبائل فون اور ڈائری نما نوٹ بک ضبط کی گئی ۔ادھر کشتواڑ کے لاین علاقے میں عبدالمجید شیخ کے گھر پرچھاپہ مارا گیا۔ انہیں پولیس تھانے لیا گیا جہاں ان سے پوچھ تاچھ کی گئی۔ادھرراجوری میں سابق امیر جماعت اسلامی مولانا محمد امیر شمسی کے گھر کی تلاشیاں لکی گئیں۔