بارہمولہ// حکام نے جماعت اسلامی کے امیر تحصیل شیری ناراؤو اوڑی کو ڈیڑھ ماہ کی گرفتاری کے بعد اُن پرپبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کردیاہے ۔معلوم ہوا ہے کہ جماعت اسلامی پر پابندی عائد ہونے کے بعد مذکورہ امیر تحصیل 45 سالہ نثار احمد بٹ ولد محمد سلطان بٹ ساکنہ کالے بن نارواو بارہمولہ کی گرفتاری24 فروری 2019کو عمل میں لائی گئی تھی۔جس کے بعداُنہیں 9 اپریل کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید مقید رکھا گیا ہے ۔اہل خانہ کے مطابق نثار احمد کے والد پچھلے تین سال سے سخت علیل ہیں جبکہ نثار کی گرفتاری کی وجہ سے علیل والد اور والدہ کے علاوہ اُن کی اہلیہ اور دو چھوٹے بچے کافی پریشان ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اُنہیں یقین دہانی کرائی تھی اُنہیں لوک سبھا انتخابات کے بعد اُنہیں رہا کیا جائے گا تاہم اُنہیں جرم بے گنا ہی میں پی ایس اے کے تحت جیل کیا گیا ۔واضح رہے کہ مذکورہ امیر تحصیل کو پولیس اسٹیشن شیری بارہمولہ میں نظر بند کیا گیا تھا ۔