سرینگر//ضلع سرینگر کے انتظامی جج جسٹس علی محمد ماگرے نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس سرینگر کا دورہ کیا اور وہاں وکلاء کیلئے جاری ٹیکہ کاری مہم کا جائزہ لیا۔ جسٹس ماگرے کے ہمراہ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرینگر محمد اکرم چودھری، ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر اعجاز اسد، میونسپل کارپوریشن سرینگر کے کمشنر اطہر امین خان، چیف میڈیکل آفیسر سرینگر تھے۔ جسٹس ماگرے ؎نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس میں ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے ویکسی نیشن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وکلاء پر زور دیا کہ شروع کی گئی مہم کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔اس موقعہ پر بڑی تعداد میں وکلا کو ٹیکے لگائے گئے ۔ جسٹس ماگرے نے زیڈ ایم او یو پی ایچ سی کو ہدایت کی ، جو ویکسینیشن ٹیم کی سربراہی کر رہے تھے ،یہ یقینی بنایا جاسکے کہ تمام وکلا کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے ہدف کو حاصل کیا جاسکے۔ وکلا نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے ہائیکورٹ کے شروع کردہ اس اقدام کی تعریف کی اور جسٹس ماگرے ، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ افراد سے وکلا برادری کی فلاح و بہبود کیلئے شکریہ ادا کیا۔جسٹس ماگرے نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اس طرح کی نوعیت کی مزید مہم چلائیں تاکہ تمام وکلا ، عملہ اور انتظامیہ سے وابستہ دیگر تمام افراد کا احاطہ کیا جاسکے۔