سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے پیر کو جموں وکشمیر حکومت کی جانب سے جرمنی فرینکفرٹ سے7 آکسیجن جنریشن پلانٹوں کی کھیپ وصول کی۔ اِس موقعہ پرصوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے اور چیف انجینئر کشمیر (میکنیکل) بھی موجود تھے۔مشیر موصوف نے کہا کہ ان 7 پلانٹوں کے شروع ہونے سے جموں و کشمیر کے ہسپتالوں میں آکسیجن کی ضرورت پوری ہوجائے گی اور وہ ہماری روز مرہ کی ضروریات کو پورا کرے گی۔سات پلانٹوں میں سے 5 کی صلاحیت ہر ایک میں 1000 ایل پی ایم ہوگی جبکہ دونوں پلانٹوں کی گنجائش 1500 اور 600 ایل پی ایم ہوگی۔بصیر خان نے وزیر اعظم ، جموںوکشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر ، ایئرفورس کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے صرف دو دن میں آکسیجن جنریشن پلانٹس موصول ہوچکے ہیں جو بصورت دیگر 2 مہینے کا وقت لیتے۔اُنہوں نے کہا کہ آکسیجن پلانٹوں کے لئے معاون بنیادی ڈھانچہ تقریباً تیار ہے اور توقع ہے کہ یہ نصب ہوکر کچھ ہی دنوں میں کام شروع ہوجائے گا۔ آکسیجن جنریشن پلانٹوں کے شروع ہونے سے ہسپتالوں میں آکسیجن بستر کی گنجائش میں بہت اضافہ ہوگا۔