جراحی کیلئے ترساں گریز کا مریض | ہیلی کاپٹر کے ذریعے بانڈی پورہ منتقل

گریز//حالیہ بھاری برفباری کے نتیجے میں گریز-بانڈی پورہ شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے ضلع بانڈی پورہ سے ملحقہ پہاڑی علاقہ گریز کے متعدد علاقوں میں مختلف مہلک امراض میں مبتلا مریضوں کو علاج معالجہ میں بہت ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔گریز کے مقامی لوگوں نے اس ضمن میں کشمیر عظمی کو بتایا کہ سردیوں کے ایام میں رازدان ٹاپ پر بھاری برفباری ہونے کی وجہ سے 84 کلومیٹر بانڈی پورہ گریز شاہراہ مہینوں کے لئے ٹریفک کی نقل و حرکت کے لئے بند کردی جاتی ہے جس کے سبب گریز میں رہائش پزیر عوام کو گوناگوں مشکلات درپیش آتی ہیں خصوصا گریز کے درجنوں علاقوں میں موجود مہلک بیماریوں میں مبتلا مریضوں جن میں سے متعدد مریضوں کو لازمی جراحی کی ضرورت بھی پڑ جاتی ہے جبکہ کچھ ایسے بھی بیمار ہوتے ہیں جو بروقت طبی امداد میسر نہ ہونے کی وجہ سے موت کا شکار ہوجاتے ہیں۔ عوام کامطالبہ ہے کہ سردیوں کے ایام میں ہر ہفتہ بیماروں کے لئے ہیلی-کاپٹر سروس لازمی ہونی چاہئے تاکہ بروقت طبی امداد فراہم ہونے سے انسانی زندگی بچ سکے۔اسی طرح اتوار کو عمر رسیدہ مریض جسے جراحی سے متعلق مشاورت' کی ضرورت تھی ،کو بذریعہ ہیلی کاپٹر گریز سے بانڈی پورہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔اس بارے میں اعلی حکام نے نے بتایا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد کی ہدایت پر اتوار کو ہنگامی بنیادوں پر 70 سالہ عبدالکبیر لون ساکنہ بڑو گام گریز،جسے جراحی کے بعد کچھ پیچیدگیاں پیدا ہوئیں تھی، بذریعہ ہیلی کاپٹر بانڈی پورہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔