ہندی کے ممتاز شاعر ہری ونش رائے بچن (1907-2003) اور بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن کے والدہی نہیں بلکہ ہندی زبان کے اہم شاعر تسلیم کئے جاتے ہیں۔ اترپردیش میں الہ آباد کے چک نامی محلے میں پیدا ہوئے ۔ کچھ کا کہنا ہے وہ پرتاب گڑھ میں پیدا ہوئے۔ 1926 میں ان کا خاندان محلہ چک سے مٹھی گنج منتقل ہوگیا۔ ان کے والد پائنز پریس میں ملازم تھے۔ اعلیٰ تعلیم الہ آباد یونیورسٹی اور بنارس ہندو یونیورسٹی سے حاصل کی۔ بچن جی1940 میں کیمبرج یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرنے والے پہلے ہندوستانی تھے۔ انہوں نے آئرلینڈ کے قوم پرست شاعر ایٹسW.B.Yeats کی شاعری اور فکری جہات پر اپنا مقالہ لکھا تھا۔ ایک دفعہ مشہور فلسطینی ؍ امریکی نقاد اور مزاحمت کار ایڈورڈ سعید بتایا تھا کہ انہوں نے مسٹر بچن کا یہ مقالہ پڑھا ہے جس سے میں نے اپنی ڈاکٹریٹ کی سند کے لیے مواد حاصل کیا۔ بلکہ میری بعد کے بہت سے مقالوں میں بھی اس دیتا دکھائی دیتا ہے ۔ ایڈورڈ سعید بچن جی کے اس مقالے سے خاصے متاثر تھے۔تشنہ ؔبریلوی مرحوم نے لکھا ہے: ایک دن جوش ؔصاحب اپنے آفس میں دوستوں کے درمیان بیٹھے تھے کہ رگھوپتی سہائے فراق ؔگورکھپوری ہری ونش رائے بچّن کو لے کر وارد ہوئے ۔ دروازے پر رُک کر فراق صاحب نے ہر چہرے کا جائزہ لیا اور پھر بولے :’’دیکھ ہری ونش غور سے دیکھ۔ یہاں گیارہ لوگ کمرے میں ہیں جو سب اُردو کے مشہور شاعر اورادیب ہیں ۔ ان میں دس لوگ ہندو یا سکھ ہیں اور صرف ایک مسلمان۔‘‘۔۔۔’’اور وہ بھی کیا مسلمان !!!‘‘ کنور مہندر سنگھ بیدی سحرؔ نے فقرا جوڑا ۔اس وقت جوشؔ صاحب کی محفل میں یہ حضرات موجود تھے ۔ مہندر سنگھ بیدی سحرؔ ۔ جگن ناتھ آزادؔ ‘پنڈت ہری چند اخترؔ،گوپال متل ، فکرؔ تونسوی ، عرش ؔملسیانی ،گلزارؔ دہلوی، نریش کمار شادؔ ‘ پرکاش پنڈت اور راجندر ناتھ شیداؔ۔
ہری ونش رائے نے مسکرا کر کہا : میں بھی تو اُردو کا دشمن نہیں ہوں ۔ میری تعلیم اردو سے شروع ہوئی تھی، میں نے تو عمر خیامؔ کی رباعیات کا انووادن بھی کیا ہے ۔۔۔دیو ناگری رسم الخط ( لیپی) سے آپ مطمئن نہیں تھے ۔ آپ نے ’’ لیپی سدھار‘‘کے لیے بہت سی تجاویز پیش کیں لیکن قدامت پرستوں نے ان کو رد کردیا ،اس لیے ہندی ’’کی بورڈ‘‘اب بھی بہت مشکل ہے ۔چار جلدوں میں بچّن جی نے آپ بیتی لکھی جس پر انہیں دس لاکھ روپے انعام بھی ملا ۔جب اندرکمار گجرال ماسکو میں ہندوستان کے سفیر تھے تو فیض ؔصاحب بھی وہاں گئے ۔ فیضؔ صاحب اندرکمار گجرال کے اُستاد بھی رہ چکے تھے ۔اتفاق کی بات کہ ہری ونش رائے بچّن بھی ماسکو میں تھے ۔ گجرال صاحب نے بچّن جی کا تعارف یہ کہہ کر کیا :فیض! ان سے ملئے یہ ہیں ہندی کے فیض احمد فیضؔ۔‘‘ دونوں ایک دوسرے سے مل کر بہت خوش ہوئے ۔ جب ودکا اور کونیاک کے جام چلے تو بچّن جی پیچھے ہٹ گئے۔
فیض صاحب نے کہا : بچن جی! آپ تو مدھو شالا ( مے خانہ) لئے پھرتے ہیں پھر یہ گریز؟‘‘
’’ بات یہ ہے ۔‘‘ بچن جی ہنس کر بولے :’’ میں خیام کی رُباعیوں کے جام پی چکا ہوں ۔ اب اورکیا پیوں گا ۔‘‘
بچّن جی نے ستّر سے زیادہ کتابیں لکھیں ۔ ان میں دو درجن شاعری کے مجموعے ہیں۔ چار جلدوں میں آپ بیتی لکھی ۔ شیکسپیئر کے کئی ڈرامے ہندی میں ڈھالے ۔دیگر علمی و ادبی موضوعات پر بہت کچھ لکھا جن میں جواہر لال نہرو کی بائیوگرافی بھی شامل ہے۔ ان کی مشہور ترین کتاب ’’مدھو شالا‘‘ رباعیوں کا مجموعہ ہے جو بہت مقبول ہوا ۔ اس طرح آپ ہندی کے عمر خیامؔ بھی ہیں۔آپ نے آخری نظم اندراگاندھی کے قتل پر لکھی۔آپ کی ’’شرابی‘‘ شاعری پر لوگوں نے اعتراض کیا تو گاندھی جی نے کہا کہ شاعری میں سب چلتا ہے‘‘۔ ہندی کے شاعر اور فلمی گیت نگار نیرجؔ ان کے جگری دوست تھے اور فلمی دنیا سے بچن صاحب نے ہی انہیں متعارف کرایا تھا۔ایک زمانے میں جب اردو کے ممتاز شاعر فراقؔ گورکھپوری الہ آباد یونیورسٹی کے انگریزی کے شعبے کے سربراہ تھے، بچّن جی اسی شعبے میں انگریزی ادب کے پروفیسر رہے۔ اس زمانے میں ڈاکٹر دیو بھی اس شعبے سے منسلک تھے۔ ان دنوں ہر ونش بچن نے شیکسپیئر کے المیہ ڈراموں کا ہندی میں ترجمہ کیا تھا۔ ہندی شاعری میں ان کی طویل نظم’’مدھوشالہ‘‘ بہت مقبول ہے۔1968 میں ہری ونش بچّن کو ہندی زبان کی ترویج و ترقی کے لیے اُن کی امتیازی خدمات کے اعتراف میں بھارتی پارلیمان کے ایوانِ بالا کے لیے نامزد کئے گے۔ہری ونش بچن کی آواز بہت اچھی تھی اور انہیں کویتائیں پڑھنےکا سلیقہ آتا تھا۔ ان کا خیال تھا شاعری انہیں تنہائی کا شکار نہیں ہونے دیتی۔ مراد آباد کے ایک ہوٹل میں نہاتے ہوئے ان کے منہ سے یہ مصرعہ برآمد ہوا ع
درونٹر کمل کلیوں کی پالی، پھولوں کا پیلا
یہ مصرعہ ان کی مشہور نظم ’’ مدھو شالہ‘] کا حرف ِاول ثابت ہوئی اور یہ نظم ایک ایسی صورت میں خلق ہوئی جس مین ہندی کی مروجہ بحروں اور دُھنوں سے با لکل جد اگانہ طرز اظہار تخلیق ہوا۔ اس میں عمر خیامؔ کی رُباعیات کی شعری فضا اور اس کے علامتی شعری نظام کا گہرا اثر ہے۔ ان کی کتاب ’’مدھوشالہ‘‘ ہندی شاعری کی سب سے زیادہ پڑھے جانی والی کتاب مانی جاتی ہے۔ ہری ونش رائے کا تعلق کایستھ ذات سے تھا، اور کایستھ ہندوؤں میں پچھلی صدی کے ابتدائی دور تک بچوں کو اُردو اور فارسی سکھانے کی روایت رہی ہے۔ لہٰذا ہری ونش صاحب نے بھی اپنے بچپن میں اُردو اور فارسی کی تعلیم حاصل کی تھی۔ ہری ونش بچن کا کہنا تھا : ’’اُردو سے والدہ نے روشناس کروایا، جس دن گھر میں با قاعدہ تعلیم شروع ہوئی تو اس تقریب میں ایک پروہت جی نے تختی پر’’ اوم گنیزیشائے نمو‘‘ لکھوایا اور ایک مولوی صاحب نے بسم اللہ الرحمٰن الرحیم بھی لکھوایا۔‘‘ اور دیگر لوگوں کی طرح انہیں بھی عمر خیامؔ کی رُباعیات نے بہت متاثر کیا تھا۔ چنانچہ انہوں نے اس کی رباعیات کا ہندی میں ترجمہ بھی کیا، لیکن اس ترجمے کو زیادہ پذیرائی نہیں ملی۔ کچھ ہی عرصے بعد انہوں نے رُباعیات کے ہی رنگ میں ’’مدھوشالہ‘‘ لکھی، جسے خواص و عوام نے خوب پسند کیا۔ میں نے ہری وشن رائے بچن کا ان کے ہاتھ سے اردو میں لکھا ہوا ایک پوسٹ کارڈ دیکھا ہےجو انہوں نے لاہور میں اپنے ایک دوست کو لکھا تھا ۔ ان کے کچھ ناقدین ان کو اوسط درجے کا شاعر کہتے ہیں ۔ جب میں ان کی شاعری کا تقابل اردو شعرا کے ساتھ کرتا ہوں تو مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے یہ اردو کے عبد الحمید عدم ؔہیں۔
اُن کی تخلیق مدھوشالہ (1935) چار چار مصرعوں کے 134 بندوں پر مشتمل ایک طویل نظم ہے جس میں انہوں نے عمر خیام کا اتباع کرتے ہوئے رندانہ زبان میں زندگی کے حقائق اور اپنا فلسفہ بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ عرض کرتا چلوں کہ چونکہ میں فارسی زبان و ادب اور عجمیت کا ڈسا ہوا ہوں، اس لئے میں اسے وہ ادبی درجہ تو نہیں دیتا جس سے یہ بھارت میں متصف ہے لیکن اس کے باوجود یہ تخلیق ہندی زبان کی ایک نمائندہ تخلیق ہے جس کا مطالعہ جدید ہندی میں دلچسپی رکھنے والے ہر شخص کے لیے اہم ہے۔ ہری ونش بچن نے نے عمر خیام کی رباعیات کا انگریزی سے ہندی میں ترجمہ بھی کیا ہے۔ انہیں فارسی اور اُردو بھی آتی تھی اس لیے انہیں ترجمہ کرنے میں کسی قسم کی دقت محسوس نہیں ہوئی۔ اس کو ہندی میں عمر خیام کی رباعیات کا بہترین ترجمہ کہا جاتا ہے۔
ہری ونش رائے بچن نے یش چوپڑہ کی فلم ’’ سلسلہ‘‘1981میں ایک گیت لکھا تھاجس کے بول یہ تھے: ’’ رنگ برسے بھیگے چنروالی۔۔۔ رنگ برسے‘‘ ۔۔۔۔ جو بہت مقبول ہوا تھا۔ یہ گانا اُن کے صاحب زادے امیتابھ بچن پر فلم بند ہوا تھا۔میں اس دھاگے میں نظم کے ہر بند کا نستعلیق میں متن مع ہندی الفاظ کی فرہنگ کے ساتھ ٹائپ کرتا جاؤں گا۔ اُمید ہے کہ ہندی زبان و ادب میں دلچسپی رکھنے والےشائقین حضرات اس سے لطف اندوز ہوں گے اور انہیں میری یہ کاوش پسند آئے گی۔
’’ مدھو شالہ‘‘ کے چند اشعار پیش خدمت ہیں:
۔۔۔۔ چلنے ہی چلنے میں کتنا جیوں ہائے بتا دیا
دور ابھی ہے پر کہتا ہے پتھ تبلانے والا
سب سے بڑھون آگے کو ساہسن ہے نہ پھرون پیچھے
کنکر تو ( بے حسی، گومگو، مہبوت) یہ موڈھ مجھ سے دور کھڑی ہے مدھو شالہ ۔۔۔۔۔۔
ہری ونش رائے بچن نے قومی شاعری کی اور آزادیٔ ہند کی تحریک میں بھی فعال رہے۔ انہوں نے اپنی شاعری میں غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کیے لیے ہندوستان عوام کو یہ پیغام دیا:
اہے ۔۔۔۔۔ نہیں پھڑپراتا جھندا وایوویگ سے
چنچل ہوا ہمیں بلاتی ہے، ماں بھارت
ہلا ۔۔۔۔۔ ہلا کے آنچل کو
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ان کی ایک نظم ملاخطہ کریں:
میں یادوں کا
قصہ کھولوں تو
کچھ دوست بہت
یاد آتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔
۔ ۔ ۔گزرے پل کو سوچوں
تو، کچھ دوست
بہت یاد آتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔
جانے کون سی نگری میں،
آباد ہیں جا کر مدت سے۔ ۔ ۔ ۔
دیر رات تک جاگوں تو،
کچھ دوست
بہت یاد آتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔
باتیں تھیں پھولوں جیسی،
لہجے خوشبو جیسے تھے،
صحنِ چمن میں ٹہلوں تو،
کچھ دوست بہت یاد آتے ہیں۔
زندگی بدل گئی،
نئے سرے میں ڈھل گئی،
۔ ۔ ۔ کو نوکری سے فرصت نہیں۔ ۔ ۔
۔ ۔ ۔ کو دوستوں کی ضرورت نہیں۔ ۔ ۔ ۔
یار گم ہو گئے ہیں۔ ۔ ۔
"تو” سے "تم” اور "آپ” ہو گئے ہیں۔ ۔ ۔ ۔
گزرے پل کو سوچوں
تو، کچھ دوست بہت یاد آتے ہیں۔ ۔ ۔
۔ ۔ ۔ دھیرے عمر کٹ جاتی ہے۔ ۔ ۔
۔ ۔ ۔ یادوں کی پستک بن جاتی ہے،
۔ ۔ ۔ کسی کی یاد بہت تڑپاتی ہے۔ ۔ ۔
اور کبھی یادوں کے سہارے زندگی کٹ جاتی ہے۔ ۔ ۔
کناروں پہ ساگر کے خزانے نہیں آتے،
جیون میں دوست پرانے نہیں آتے۔ ۔ ۔
جی لو ان پَلوں کو ہنس کے دوست!
پھر لوٹ کے دوستی کے زمانے نہیں آتے۔ ۔ ۔ ۔
( نظم :بہت یاد آتے ہیں )
٭٭٭
ہری ونش رائے بچن کی تصانیف کی فہرست کچھ یوں بنتی ہے:شاعری مجموعہ،تیرا ہار (1929)مدھوشالا (1935)،مدھوبالا (1936)،مدھوکلش (1937)،نشا نمنترن (1938)،
ایکانت سنگیت (1939)،آکل انتر (1943)،سترنگنی (1945)،ہلاہل (1946)،بنگال کا کاوی (1946)،کھادی کے پھول (1948)،سوت کی مالا (1948)،ملن یامنی (1950)،
پرنی پترکا (1955)،دھار کے اِدھر اُدھر (1957)،آرتی اور انگارے (1958)،بدھ اور ناچگھر (1958)،تربھنگما (1961)،چار خیمے چونسٹھ کھونٹے (1962)،دو چٹانیں (1965)،
بہت دن بیتے (1967)،کٹتی پرتماؤں کی آواز (1968)،اُبھرتے پرتمانوں کے روپ (1969)،جال سمیٹا (1973)[آپ بیتی ]کیا بھولوں کیا یاد کروں (1969)،نیڑ کا نرمان پھر (1970)،بسیرے سے دور (1977)،بچن رچناولی کے نوں کھنڈ (1983)،دشدوار سے سوپان تک {1985 }