ٹوکیو//عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔19)کے مسلسل بڑھتے قہر کے بیچ جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے نے ملک کی سات ریاستوں میں ایک ماہ کیلیے ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیاہے۔مسٹرآبے نے منگل کے روز اس سلسلہ میں ایک بیان جاری کرکے کہاکہ ٹوکیو اور اوساکا کے علاوہ کنگاوا، سوتاما ، چیبا ،ہویوگو اور فوکو اوکا میں ایک ماہ تک ایمرجنسی نافذ رہے گی۔واضح رہے کہ جاپان میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 108لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ اس سے متاثر مریضوں کی تعداد 4845ہے۔ دریں اثناء عالمی وبا کورونا وائرس کے مسلسل بڑھتے انفیکشن کے درمیان نیوزی لینڈ میں منگل کو قومی ایمرجنسی کو ایک ہفتے کیلئے بڑھانے کا اعلان کیاگیا۔نیوزی لینڈ کے شہری سلامتی کے وزیر پینی ہینارے نے منگل کو ایک بیان جاری کرکے کہا،’’شہری سلامتی اور ایمرجنسی کے انتطامیہ محکمے کے ڈائریکٹر کی صلاح پر وزیراعظم سے بات چیت کرنے کے بعد میں نے کورونا وائرس کے پیش نظر قومی ایمرجنسی کو ایک ہفتے کیلئے بڑھانے کا فیصلہ کیاہے۔‘‘نیوزی لینڈ میں 25مارچ کو قومی ایمرجنسی کا اعلان کیاگیاتھا جس کے ایک دن بعد ہی 26مارچ کو پورے ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیاگیاتھا جو کم از کم چار ہفتے تک نافذ رہیگا۔