ٹوکیو// جاپان کے مائی پریفیکچر کے جنوب مشرقی ساحل پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی (جے ایم اے ) نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ ایجنسی نے بتایا کہ جاپان کے مرکزی جزیرے ہونشو پر کنسائی کے علاقے میں مائی پریفیکچر کے جنوب مشرقی ساحل پر 6.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔ زلزلے کا مرکز زمینی سطح سے 350 کلومیٹر کی گہرائی میں 33.6 ڈگری شمالی عرض البلد اور 137.5 ڈگری مشرقی طول بلد پر تھا۔ادھرجاپان کے شہر ٹوکیو میں بم کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد پیر کی سہ پہر 2 عدالتوں کو خالی کرا لیا گیا اور مقدمات کی سماعت ملتوی کر دی گئی ہے۔جاپان کے عوامی نشریاتی ادارے این ایچ کے نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق تقریبا سہ پہر 1 بجکر 30 منٹ پر سرکاری عمارت کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد ٹوکیو ہائی کورٹ نے مقدمات کی سماعت ملتوی کر دی اور سائلین کو عمارت سے نکال دیا۔یہ عمارت وسطی ٹوکیو میں ہائی کورٹ کے ساتھ واقع ہے، جس میں ٹوکیو ڈسٹرکٹ کورٹ بھی واقع ہے۔مقامی میڈیا نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے اجازت ملنے تک عمارت تک رسائی کو ممنوع قراردیدیا گیا ہے۔عدالتوں نے بتایا کہ سماعت کیلئے مقرر کردہ مقدمات دن میں کسی اور وقت یا کسی اور دن کیلئے دوبارہ شیڈول کیے جائیں گے۔سماعت کیلئے مقرر ہونیوالے مقدمات میں سے ایک اس جولائی میں ایوان بالا کے انتخابات میں ووٹوں کی تعداد میں فرق پر ہائی کورٹ کا فیصلہ بھی تھا۔