تھنہ منڈی// مدرسہ تعلیم القرآن بابا غلام شاہ بادشاہ کے زیر اہتمام جامع مسجد توحید پورہ راجدھانی میں میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں ایک عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں فرزندانِ توحید نے حصہ لیا اور علمائے کرام کے بیانات سماعت کئے۔ جلسے کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ۔مدرسہ تعلیم القرآن بابا غلام شاہ بادشاہ کے طلبہ نے رحمت دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا جس کی لوگوں نے خوب سراہنا کی۔ مہمان خصوصی کے طورپر مینڈھر پونچھ سے تشریف لائے مولانا عبدالرشید رضا نعیمی نے عوام الناس سے ایک پر مغز خطاب کیا۔ آپ نے میلادالنبی ؐکی اہمیت اور ضرورت کو اجاگر کیا۔ انھوں نے کہا کہ جب دنیا ظلم ، بربریت، تشدد، بخل، تعصب ، نفرت، کینہ اور طرح طرح کے مصائب ومسائل کا شکار تھی اور پوری دنیا کے مظلوم اور بے بس لوگ خدا وندقدوس کی رحمت کو پکار رہے تھے اور کسی رہبر ورہنما کی تلاش و جستجو میں بے چین و بے قرار تھے ۔ذی شعور و ذی عقل لوگوں کی روح تڑپ رہی تھی ایسے حالات میں رحمت حق نے محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کو سارے عالم کے لئے رحمت بنا کر دنیا میں مبعوث فرما یا اور دنیا کی ساری ظلمتیں کافور ہوگئیں۔انھوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد صرف کسی طبقے کسی ذات کسی برادری کسی ملک یا کسی قوم کے لئے نہیں بلکہ پوری کائنات کے لئے رحمت ہے۔ انھوں نے کہا کہ نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کو زندگی گزارنے کا سلیقہ دیا اور اپنی عملی زندگی سے پوری انسانیت کو جینے کے اصول عطا کئے۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پوری دنیا میں اگر نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا نفاذ عمل میں لایا جائے تو پوری دنیا سے تمام قسم کی برائیوں اور نفرتوں کا خاتمہ ہو سکتا ہے آپ نے مسلمانوں کو آپسی اختلافات اور ذات و برادری کی تقسیم سے بالاتر ھو کر باطل قوتوں کے خلاف صف آرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس وقت پوری دنیا کی صیہونی طاقتیں مسلمانوں کو صفحہ ٔہستی سے مٹانے کی ناپاک سازشوں میں مصروف ہیں لیکن مسلمان ہیں کہ جن کو آپسی اختلافات سے ہی فرصت نہیں۔ انھوں نے کہا مسلمانوں کو اپنے عمل و کردار سے غیروں کو دعوت اسلام دینے کی ضرورت ہے۔ اس جلسے کا انتظام و انصرام مدرسہ تعلیم القرآن بابا غلام شاہ بادشاہ کے چئرمین مشتاق احمد گارڈ نے کیا تھا مدرسہ ہذا کے صدرالمدرسین مولانا رفیق احمد قادری اور ناظم مولانا حافظ عبدالمجید نقشبندی نے اس جلسہ کے انعقاد میں اہم رول ادا کیا۔ حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی خطیب غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی مولانا نصیر حسین علیمی مولانا مفتی گلفراز احمد نعیمی مولانا حافظ محمد آصف خطیب جامع مسجد مجہورراجدھانی اور دیگر کئی علماء و مشائخ اور سماجی و سیاسی کارکنان بھی اس مبارک موقعہ پر شریکِ جلسہ تھے۔ انتظامیہ کی جانب سے عوام کیلئے کھانے پینے کا شاندار اہتمام کیا گیا تھا آخر میں درودوسلام اور ملک وملت کیلئے خصوصی دعا پر اس عظیم الشان میلادالنبی کانفرنس کا اختتام ہوا۔