جامع زرعی ترقیاتی پروگرام کی پیش رفت کاجائزہ مختص رقومات کو منصفانہ طور خرچ کرنے پرزور

 عظمیٰ نیوزسروس

سرینگر// محکمہ زرعی پیداوار کے پرنسپل سیکریٹری شیلیندر کمار نے محکمہ زراعت اور باغبانی کے ساتھ ایک میٹنگ طلب کی تاکہ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام،کیپکس اور مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں کے تحت حاصل ہونے والی مالی کامیابیوں کا جائزہ لیا جا سکے۔میٹنگ میں جامع زرعی ترقی پروگرام کے تحت پروجیکٹوں کے نفاذ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس کے علاوہ محکمہ زراعت اور باغبانی کی طرف سے چلائی جانے والی مختلف اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔میٹنگ میں جامع زرعی ترقی پروگرام کی مشن دائریکٹریشامدگل بھی موجودتھیں۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شیلیندر کمار نے ایچ اے ڈی پی اور سی اے پی ای ایکس کے تحت مختلف منصوبوں کے تحت فنڈز کے تیز رفتار اور منصفانہ خرچ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ ایچ اے ڈی پی پروجیکٹوں کے تحت مختص فنڈز، مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں کے مختلف اجزاء کو مقررہ مدت میں خرچ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے تمام اخراجات کے دوران شفافیت اور جوابدہی کی اعلیٰ ترین سطح کو برقرار رکھنے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔پرنسپل سکریٹری نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور کسانوں کے ساتھ قریبی تال میل کے ساتھ ساتھ ضلعی سطح پر مختلف اقدامات کے موثر نفاذ کے لیے کام کریں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر علاقے کے کسانوں تک پہنچیں اور انہیں زراعت اور باغبانی کے شعبوں میں جدید ترین کسان دوست ٹیکنالوجیز کے ذریعے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام کے بارے میں آگاہ کریں۔