ڈوڈہ //صوبہ جموں کے مشہور و معروف دینی ادارہ مدرسہ جامعہ غنیہ العلوم اخیار پور بھلیسہ کا چالیسواں سالانہ جلسہ و دستاربندی کے حوالے سے ایک مختصر تقریب زیر صدارت الحاج سید مصطفیٰ رفاعی جیلانی بانی رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ منعقد ہوئی جس میں علماء کرام، علاقہ کے معززین و طلباء نے شرکت کی۔ پر وقار تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جبکہ مدرسہ ہٰذا کے طلباء نے نعتیہ کلام و تقاریریں بھی پیش کیں۔مہتمم جامعہ الحاج برہان الحق غنی پوری نے اس دوران مدرسہ کی طرف جاری مختلف تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں روشنی ڈالی اور تقریب میں شامل مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مختلف شعبوں میں فارغین ہوئے طلباء ، طالبات و ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر 26 طالبات کی ردا پوشی و شعبہ عالمیت، قرآت و حفاظ سے فارغ ہوئے 18 طلباء کی دستار بندی کی گئی۔علماء کرام نے اس موقع پر بولتے ہوئے مدارس اسلامیہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ دین کے داعی و امن کے علمبردار انہیں اداروں سے پیدا ہوتے ہیں اوردین اسلام عالم انسانیت کے لئے امن کا پیغام دیتا ہے اور قرآن کریم تمام انسانوں کے لئے راہ ہدائت ہے۔ علماء نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقوں کو اپنی عملی زندگی میں لائیں اور زندگی کے ہر شعبہ میں کامیابی و کامرانی حاصل کریں۔ مقررین نے قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا رہنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس کتاب دنیا و آخرت کی رہنمائی و رہبری کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں پھیلی ہوئی بیماریوں کا خاتمہ دین اسلام کی تعلیمات سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے تعلیم کولازمی قرار دیا ہے اور کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی تبدیلی ناممکن ہے ۔علماء نے کہا کہ خوشحال زندگی و اچھے معاشرے کی تشکیل میں تعلیم کا اہم کردار رہتا ہے۔انہوں نے عوام الناس پر قرآن و حدیث کے مطابق اپنی زندگی گذارنے پر زور دیتے ہوئے مدارس و مکاتب کا ہر ممکن تعاون کرنے کی اپیل کی اور علماء پر اصلاح معاشرہ کے حوالے سے محلوں و بستیوں میں جاکر پروگرام منعقد کرنے پر زور دیا تاکہ نوجوان نسل کی صحیح تربیت ہوسکے اور سماجی برائیوں سے بھی نجات حاصل ہو سکے۔اس موقع پر مولانا شوکت علی مہتمم مدرسہ اسرارالعلوم نیلی، مفتی محمد اسلم، مفتی عشرت علی، مفتی محمد احسان، مفتی مشتاق احمد، مفتی خادم الاسلام نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران نظامت کے فرائض مفتی شبیر احمد قاسمی صدر مدرس جامعہ غنیہ العلوم نے انجام دیئے۔تقریب کا اختتام سید مصطفیٰ رفاعی جیلانی کی دعائیہ کلمات کے ساتھ ہی ہوا۔ انہوں نے علماء، فارغ ہوئے طلاب و امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض خوش اسلوبی سے نبھائیں۔اس موقع پر مدرسہ کے منتظمین الحاج غلام نبی وانی ،الحاج دوست محمد وانی، الحاج عبدالغنی متو و دیگر اراکین بھی موجود رہے۔واضح رہے کہ پچھلے چار دہائیوں میں پہلی بار کووڈ 19 کی وجہ سے مدرسہ ہذا نے مختصر تقریب کا اہتمام کیا۔عام طور پر یہ سالانہ جلسہ دو دن کا منایا جاتا تھا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ و نامور علماء کرام و سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کرتے تھے۔