پونچھ//اسلامی فلاحی تنظیم الجمعیہ الاسلامیہ الخیریہ کے زیر اہتمام جامعہ امام محمد انورشاہ کشمیریؒ ناخاں والی روڈ پونچھ کے شیخ عبدالقادر جیلانی ؒہال میں انعامی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے شہر مظفرآباد سے تشریف لائے ہوئے محمد فرید جنرل اکاؤنٹنٹ ٹریجری نے کی۔ اس موقعہ پرجامعہ کے طلبا نے تلاوت، نعت خوانی اور تقاریر کے پروگرام پیش کئے۔جمعیۃ کے آل انڈیا جنرل سکریٹری اور ناظمِ جامعہ مولانا شہزاد انوری نے ادارہ کا تفصیلی تعارف کراتے ہوئے کہا کہ جامعہ کا یہ انعامی اجلاس طلبا کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے، میدان علم و عمل کا شہسوار بن کر تقابلی انداز میں اپنی قابلیت کے جوہر دکھانے، خداداد صلاحیت کو تقویت بخشنے اور حوصلہ افزائی کی خاطر منعقد کیا گیا ہے جس میں طلبا کے مابین انعامات تقسیم کیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جامعہ تعلیم وتربیت اور بچوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے سلسلے میں نظم ونسق کا پابندہے اسی لئے ہمارا منشور واضح ہے۔انہوںنے کہا کہ جامعہ کی یہ خواہش ہے کہ ہر طالب علم قرآن، حدیث، عقائد ومسائل، اسلامی تربیت، عربی، اردو، ہندی، فارسی، انگریزی زبان اور کمپیوٹر کی صورت میں دس مضامین پر مکمل دسترس حاصل کرے اسی لئے مذکورہ دس مضامین کا سیکھنا ہر طالب علم کے لئے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ نے علوم دینیہ اور عصریہ کا ایسا نصاب مرتب کیا ہے جسے ہر طالب علم آسانی کے ساتھ سیکھ سکتا ہے ۔انہوں نے ہندوپاک کے درمیان2005میں کاروان امن بس سروس شروع کئے جانے کو سراہتے ہوئے کہاکہ اسی اقدام کانتیجہ ہے کہ ہمارے ان مہمانوں کی آمد کا راستہ صاف ہوا ہے۔اپنے خطاب میں مہمان خصوصی نے کہا کہ جامعہ کے پروگرام میں شرکت کرکے انہیں کافی خوشی محسوس ہوئی اور ایسامحسوس ہوتاہے کہ یہ ادارہ بلندیوں کو چھو کر امتیازی مقام حاصل کرے گا۔انہوں نے کہا کہ طلباء کے پروگرام نے ان کے دلوں پر گہرے نقو ش چھوڑے ہیں ۔ اس موقعہ پر جامعہ کے ششماہی امتحان میں حفظ اور دینیات کے گیارہ درجات میں بارہ اول، گیارہ دوم اور گیارہ سوم پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبا کو انعامات سے نوازا گیا۔آخر میں جامعہ کے شعبہ تعلیمی کے نائب نگراں اور ناظم انجمن مولانا راشد محمود قاسمی نے مہمانان کاشکریہ ادا کیا۔اس دوران نظامت کے فرائض جامعہ کے شعبہ تعلیمی کے نگراں مولانا خالد محمود قاسمی نے انجام دیئے۔