عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں کشمیر میں اپریل کے مہینے سے تین ماہ کی راشن سپلائی سکیم شروع ہونے کا امکان ہے، جس میں محکمہ خوراک، شہری رسد اور امور صارفین حکومت ہند کی ہدایات کے بعد طریقہ کار پر کام کر رہا ہے۔حکام نے پیر کو کہاکہ محکمہ کو تین ماہ کے لیے راشن کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات موصول ہوئی ہیں، لیکن اس تجویز پر ابھی عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا”ہمیں حکومت ہند سے تین ماہ کا راشن فراہم کرنے کی ہدایات موصول ہوئی ہیں،محکمہ اس پر کام کر رہا ہے، لیکن ابھی تک چیزوں کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے،” ۔
انہوں نے کہا کہ ہدایات نہ صرف جموں و کشمیر کو بلکہ تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو جاری کر دی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ سکیم اپریل سے جلد شروع ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا، “توقع ہے کہ اگلے مہینے سے راشن سکیم شروع ہو سکتی ہے، لیکن ابھی حتمی مرحلے کی میٹنگیں ہونا باقی ہیں اور طریقہ کار پر کام کیا جا رہا ہے۔”عہدیدار نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مستفیدین کو غذائی اجناس کی ہموار اور زیادہ موثر تقسیم کو یقینی بنانا ہے۔مقدار کے بارے میں، انہوں نے کہا کہ ماہانہ راشن کے حقدار کو تین سے ضرب دیا جائے گا اور ایک ساتھ فراہم کیا جائے گا۔ مرکز نے حال ہی میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ غذائی اجناس کی خریداری، ذخیرہ کرنے اور عوامی تقسیم کے نظام اصلاحات کے کلیدی پہلوں کا جائزہ لیا۔