تین روز بعد شاہراہ جزوی طور بحال

بانہال // تین روز تک بند رہنے کے بعد جموں سرینگر شاہراہ جمعرات کو جزوی طور بحال کی گئی اور درماندہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی ۔  شاہراہ رام بن – بانہال سیکٹر میں شدید بارشوں سے گر آئی پسیوں کی وجہ سے پیر کی دوپہر ٹریفک کیلئے بندکی گئی تھی اور گاڑیوں کو رام بن اور ادہمپور کے درمیان کئی مقامات پر روک دیا گیا۔ بدھ کی شام رام بن اور بانہال کے 35 کلومیٹر سیکٹر میں درجن بھر پسیوں کو صاف کرکے شاہراہ کو قابل آمدورفت بنایا گیا جبکہ رام بن کے نزدیک کیفٹیریا موڑ کے نزدیک بھاری بھرکم پسی کو جمعرات کی صبح ہٹایا گیا اور شاہراہ کو جزوی طور بحال کیا گیا۔ ادھر ناشری ٹنل اور بانہال کے درمیان چار روز سے اور قاضی گنڈ میں 5روز سے درماندہ مال بردار گاڑیوں کوجمعرات بعد دوپہر آگے جانے کی اجازت دی گئی۔ رام بن اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر ٹریفک جام کا سلسلہ جاری تھا۔ڈی ایس پی ٹریفک رام بن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کیفٹیریا موڑ کے مقام پرشاہراہ کو جمعرات کی صبح بحال کیا گیا اور درماندہ ٹریفک کو یکطرفہ طور نکالنے کا عمل شروع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کیفٹیریا موڑ اور ماروگ سمیت کئی مقامات پر سڑک کی حالت خراب ہے۔انہوں نے کہا کہ آج یعنی جمعہ کو شاہراہ کی ضروری مرمت کے پیشِ نظر ناشری ٹنل اور بانہال کے درمیان کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم جموں سے ڈوڈہ، بھدرواہ اور کشتواڑ کے علاوہ بانہال اور وادی کشمیر کے درمیان ٹریفک کی نقل و حرکت اس پابندی سے مستثنیٰ رہے گی۔