ڈوڈہ //تیل خاکی کی نایابی، بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی و رسوئی گیس کی تقسیم کاری میں شفافیت لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج الدین ملک نے کہا کہ موسم سرما کے ایام میں جہاں لوگوں کو بجلی کی آنکھ مچولی کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں کافی عرصہ سے تیل خاکی کی سپلائی بند کی گئی ہے جس کے نتیجے میں غریب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ڈی سی کونسلر نے سرکار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ایل جی انتظامیہ عوام کی دہلیز پر بنیادی سہولیات دستیاب رکھنے کا دعویٰ کررہی ہے تو دوسری طرف دور افتادہ علاقوں میں رہائش پذیر آبادی گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے غیر مرتب شیڈول سے عوام پہلے ہی پریشان ہے اور وہیں محکمہ امور صارفین و عوامی رسادات نے تیل خاکی کی سپلائی کو بند کیا۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بیشتر آبادی سردیوں کے موسم میں تیل خاکی کا زیادہ تر استعمال کرتی تھی لیکن اس بار سپلائی بند رہنے سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈی ڈی سی کونسلر نے رسوئی گیس کی تقسیم کاری میں شفافیت لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر علاقوں سے گیس سلنڈر کالے داموں فروخت کرنے کی شکایات آئے روز موصول ہورہی ہیں۔انہوں نے صارفین سے گیس حاصل کرتے وقت اپنی کاپیوں پر باقاعدہ طور پر انٹری کروانے کی اپیل کرتے ہوئے سرکار سے ڈوڈہ ضلع میں بہتر بجلی نظام بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کرنے و تیل خاکی کی سپلائی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔