تیل خاکی کا ناجائز استعمال ، سابق تحصیل سپلائی افسران کے خلاف کیس درج

جموں //اینٹی کرپشن بیورو نے سابق تحصیل سپلائی افسران کے خلاف تیل خاکی کے ناجائز استعمال پر کیس درج کیاہے ۔انٹی کرپشن بیورو کے مطابق سابق تحصیل سپلائی افسران کالاکوٹ محمد اشرف اور پرنو گنڈوترہ و دیگران کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 05/2019کا کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔یہ مقدمہ اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے تیل خاکی کے ناجائز استعمال کی شکایات کے بعد اچانک چھاپے مار کارروائی کے بعد درج ہواہے ۔بیورو کے مطابق تریاٹھ اور گردونواح کے علاقوں کے ڈیلران کو 263680لیٹر تیل خاکی تفویض کرنا دکھایاگیا تاہم ڈیلروں کو 1,77,000لیٹر تیل ہی موصول ہواجبکہ 86680لیٹر تیل کا مذکورہ بالا افسران نے اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے غلط استعمال کیا جس کے نتیجہ میں مستحق کنبوں کو یہ تیل نہیں مل پایا اور ساتھ ہی خزانہ عامرہ کو23لاکھ ، 95ہزار401روپے کا نقصان پہنچا۔اس سلسلے میں بیورو کی طرف سے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔