چٹاگانگ// ہندوستان نے ایشان کشن (210) کی جارحانہ ز ڈبل سنچری اور وراٹ کوہلی (113) کی شاندار اننگز کی بدولت ہفتہ کو تیسرے ون ڈے میں بنگلہ دیش کو 227 رن کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ہندوستان نے بنگلہ دیش کے سامنے 50 اوورز میں 410 رنز کا بڑا ہدف رکھا جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 182 رنز پر ڈھیرہوگئی ۔ یہ ون ڈے کرکٹ میں بنگلہ دیش کی سب سے بڑی شکست ہے ، جب کہ اس فارمیٹ میں یہ ٹیم انڈیا کی تیسری سب سے بڑی جیت ہے ۔کشن اور کوہلی نے دوسری وکٹ کے لیے 290 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے ہندوستان کی اس بڑی جیت کی بنیاد رکھی۔
کشن نے 131 گیندوں میں 24 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 210 رنز بنائے ، یہ انکے کیریئر کی پہلی سنچری اور ڈبل سنچری ہے ۔کشن 24 سال 145 دن کی عمر میں یہ ڈبل سنچری بنا کر یہ ریکارڈ بنانے والے سب سے کم عمر بلے باز بن گئے ۔ اس کے علاوہ، انہوں نے 200 رنز تک پہنچنے کے لیے سب سے کم گیندیں (126) کھیلیں۔کشن کا ساتھ دیتے ہوئے کوہلی نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 44ویں سنچری بھی بنائی۔ کوہلی نے 91 گیندوں پر 11 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 113 رنز بنائے اور ون ڈے میں سنچری کا 40 ماہ کا طویل انتظار ختم کیا۔ کوہلی نے اس سے قبل 14 اگست 2019 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سنچری بنائی تھی۔اس کے ساتھ کوہلی (72) نے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے سابق آسٹریلیائی بلے باز رکی پونٹنگ (71) کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس فہرست میں صرف سچن تیندولکر (100) ان سے آگے ہیں۔اس بڑے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم کشن سے 28 رنز کم اسکور کر کے آل آؤٹ ہو گئی۔ ہندوستان کی جانب سے شاردل ٹھاکر نے تین جبکہ اکشر پٹیل اور عمران ملک نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ کلدیپ یادو، واشنگٹن سندر اور محمد سراج نے ایک ایک کھلاڑی کا وکٹ حاصل کیا۔ اس شکست کے باوجود بنگلہ دیش نے تین میچوں کی سیریز دو-ایک سے جیت لی۔بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا فیصلہ کیا لیکن کچھ دیر بعد یہ فیصلہ ان پر الٹا پڑگیا۔ شکھر دھون کے تین رن کے معمولی اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد کشن-کوہلی جوڑی نے محاذ سنبھالا۔ جہاں کوہلی نے تحمل اور سوچ سمجھ کے ساتھ بلے بازی کی، وہیں کشن نے وکٹ پر قدم رکھتے ہی جارحانہ انداز میں طوفانی بلے بازی کا مظاہرہ کیا ۔