تیزاب کی غیر منظم فروخت کے خلاف مہم | شہرسرینگرمیں 13 دکانیں سیل

سری نگر// سری نگر میں تیزاب کی آسانی سے فروخت کو روکنے کے لیے ضلع انتظامیہ سری نگر نے منگل کو شہر بھر میں بڑے پیمانے پر مہم چلائی اور تیزاب کی غیر قانونی فروخت میں ملوث ایک درجن سے زائد دکانوں کو سیل کر دیا۔یہ مہم ڈپٹی کمشنر سری نگر، محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر شہر کے تمام تحصیلوں بشمول عیدگاہ، شالٹینگ، پانتہ چھوک، جنوبی سری نگر، چھانہ پورہ اور ضلع شمالی تحصیلوں میںسپریم کورٹ آف انڈیا کی ہدایت کے مطابق شروع کی گئی۔مہم کے دوران، سپریم کورٹ کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے پر 13 دکانوں کو سیل کیا گیا اور اس کے علاوہ بغیر لائسنس کے ڈسٹل واٹراورتیزاب فروخت کرنے والے کچھ دکانداروں نے اس کی فروخت کے لیے انٹری رجسٹر بھی نہیں رکھا تھا۔سری نگر میں حالیہ خوفناک تیزآب واقعہ کے پیش نظر ضلع مجسٹریٹ نے ایک سرویلنس ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سری نگر اور ضلع کے پولیس اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران شامل ہیں تاکہ تیزاب کی فروخت کو کنٹرول کیا جا سکے۔دریں اثناء ضلع مجسٹریٹ سری نگر نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے اس جرم سے نمٹنے کے لیے تمام سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور معاشرے میں اس طرح کے گھناؤنے جرائم کو روکنے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیزاب پھینکنے کا واقعہ معاشرے کے اجتماعی ضمیر پر حملہ ہے۔