منڈی // تھنہ منڈی کی معروف دینی درسگاہ مدرس التوحید و جامع مسجد تھنہ منڈی کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان مجلسِ ذکر رسولﷺ و دستاربندی حفاظ کرام کے عنوان سے منعقد کیا گیا جس میں عالمِ اسلام کی نابغہ روزگار ہستی، جنگ آزدی کے عظیم مجاہد اور 17 سال تک مسجد نبوی میں روضہ رسولؐ کے سامنے حدیث کا درس دینے والی بلند مرتبت شخصیت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی کے نواسے مفتی قاری سید محمد عفان منصورپوری صدرالمدرسین جامعہ اسلامیہ عربیہ امروہہ یوپی سے آئے ہوئے تھے ۔اس مجلس کی صدارت جموں کشمیر کی بزرگ اور نامور علمی شخصیت آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ممبر و سرپرست جامعہ ضیاء ا لعلوم پونچھ مولانا غلام قادر نے کی ۔ علاوہ ازیں وادی کشمیر اور اضلاع راجوری پونچھ سے علماء کرام و مشائخ ، اور ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید و عاشقان مصطفیٰ اس مجلس میں جوق در جوق شریک ہوئے ۔اس موقعہ پر منصورپوری نے سیرت رسولﷺکی روشنی میں اس بات پر زور دیا کہ ہم توحید خالص پر قائم رہیں اور نبی ؐ کی محبت و اطاعت کو زندگی کا مشن بنائیں ، بڑوں کے احترام واکرام کے ساتھ ان کی رائے کی قدر کریں ، والدین کی فرمانبرداری کو فرض سمجھیں اور لایعنی و فضول چیزوں سے اپنے کو ہمیشہ بچائیں چونکہ صحت و دولت اور وقت و فرصت اللہ کی عطاکردہ قیمتی نعمتیں ہیں ان کے بارے میں ہم سے قیامت میں سوال ہوگا۔ لہذا نشے کی لعنت سے نوجوان خود کو بچائیں اور اپنے مال و جان کی حفاظت کریں ۔مفتی موصوف نے کہا کہ فضول باتوں میں وقت ضائع کرنا غیر ضروری موبائل کا استعمال کرنا، فضول خرچی بالخصوص شادی بیاہ کی تقریبات میں جھوٹی نمائش کی خاطر اللہ رسول ؐکے حکموں کو آگ لگانا بے تحاشہ پیسہ اور کھانا ضائع کرنا ، غیر ضروری بحثوں میں الجھنا اور ہر معاملے میں خود کو اور اپنی ہی رائے کو درست جاننا یہ سب غیر شرعی و غیر اخلاقی حرکتیں ہیں۔۔ یاد رہے کہ مدرس التوحید تھنہ منڈی میں تقریبا ہر سال طلبہ کرام تعلیم مکمل کرکے فارغ ہوتے ہیں اور پھر اعلی تعلیم کی خاطر ملک کے بڑے اداروں میں پہنچتے ہیں اس وقت مدرسے میں سینکڑوں طلباء زیر تعلیم ہیں اور ساتھ ہی بچیوں کا مستقل دینی مدرسہ اصلاح المؤمنات کے نام سے خدمت انجام دے رہاہے اس میں بھی ایک بڑی تعداد بچیوں کی زیر تعلیم ہے ، مدرسے کے تمام اخراجات علاقے کے لوگوں کے تعاون سے پورے ہوتے ہیں جس کے لیے مہتمم مدرسہ نے معاونین و وابستگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی بہتر تعاون اور خدمت کی امید ظاہر کی۔