تھنہ منڈی میں ایس ڈی ایم کی تعیناتی کا مطالبہ

تھنہ منڈی // تھنہ منڈی یوتھ نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تھنہ منڈی میں ایس ڈی ایم کی خالی پڑی ہوئی نشست کو جلداز جلد پُر کیا جائے تاکہ مشکل وقت میں عام لوگوں کو سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔انجینئر ارشد خان نامی ایک یوتھ لیڈر نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مشکلات کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں ۔تھنہ منڈی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ کووڈ جانچ کے بعد مثبت پائے جانے والے افراد کو کووڈ کئیر سینٹروں میں منتقل کیا جائے اور باقی والے لوگوں کو ویکسی نیشن کے ساتھ ساتھ دیگر تمام سہولیات فراہم کی جائیں کیونکہ کووڈ کے علاوہ بھی یہاں کی غریب عوام کے بہت سارے مسائل ہیں جن کا ازالہ کیا جانا حکومت وقت کی ذمہ داری بنتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہر دور میں ہر حکومت نے ہر بار تھنہ منڈی کو نظر انداز کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تھنہ منڈی میں پچھلے دو ماہ سے ایس ڈی ایم کی پوسٹ خالی ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے لیکن کوئی اس جانب توجہ نہیں دے رہا ہے۔انجینئر ارشاد خان نے حکومت سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ آفیسر کی تعیناتی کیساتھ ساتھ تاجر پیشہ افراد کیلئے سہولیات میسر کی جائیں ۔