راجوری //جموں صوبے کے تھانہ منڈی راجوری علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران مسلح تصادم آرائی میں دو جنگجوجاں بحق ہوئے ۔ ادھر پونچھ میں جنگجوئوں کے استعمال میں کچھ اشیاء بر آمد کی گئیں۔انسپکٹر جنرل جموں مکیش سنگھ نے بتایا کہ تھانہ منڈی میں جمعہ کی صبح فوج اور پولیس کو تھانہ منڈی علاقے میںجنگجوئوں کی موجودگی کے بارے میں ایک مصدقہ خفیہ اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیا اورچاروں اطراف سے اسے سیل کیا۔ انہوں نے کہا کہ مکمل ناکہ بندی کے بعد تلاشی کارروائی شروع کردی گئی اور جونہی سیکورٹی فورسز مشتبہ مقام پر پہنچے تو وہاں چھپے جنگجوئوں فائرنگ کی جس کے بعد فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی ، جس کے ساتھ ہی تصادم شروع ہوا جو کچھ وقت تک جاری رہا ۔ مکیش سنگھ نے بتایا کہ راجوری تھانہ منڈی علاقے میں سکیورٹی فورسز کو 3 تا 4 جنگجوئوںکی موجودگی کے بارے میں خفیہ اطلاع موصول ہوئی جہاں اب تک 2جنگجوجاں بحق ہوئے ۔ انہوںنے اس حوالے سے ایک ٹویٹ میں بھی دو جنگجوئوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ، تاہم دونوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے ۔علاقے میں آپریشن جاری ہے جہاں مزید جنگجوئوں کے چھپے ہونے کا خدشہ ہے ۔ادھرجموں کے پونچھ مینڈھر علاقے میں فوج اور پولیس نے ایک مشترکہ تلاشی آپریشن کے دوران دو وائرلیس، دو اڈاپٹر اور ایک چھوٹی ٹارچ برآمد کر لی ۔ بلنوئی شیپ فارم میںیہ آپریشن کیا گیا۔