افسانچے
زنفر کھوکر
برننگ ٹاپک
ایک لڑکی کیساتھ ہوئی بدتمیزی اور چھیڑ خانی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اور بات دور تک پہنچ گئی تھی۔ سرِ عام اور کھلم کھلا ہوئی اس واردات کی ہر کوئی مذمت کررہا تھا۔ معاملہ کورٹ تک پہنچ چکا تھا۔ ہر کوئی انصاف کی مانگ کررہا تھا۔ بہت سارے حمایت میں تھے تو کچھ خلاف بھی بول اُٹھے تھے۔ ایک خاتون سے پوچھا گیا’’آپ کو لڑکی کی حمایت میں بولنا چاہئے۔ مگر آپ کی سبھی ویڈیوز لڑکی کے خلاف جاتی ہیں۔ کیا آپ کو ایسا نہیں لگتا ہے کہ آپ خود ایک خاتون ہوکر بھی ایک مظلوم لڑکی سے مزید زیادتی کررہی ہیں۔‘‘ خاتون نے برملا کہا، ’’ارے نہیں ! نہیں! میں تو اپنے ویورز کی تعداد بڑھارہی ہوں۔ برننگ ٹاپک ہے نا۔‘‘
کارٹوں
ملک بھر میں حجاب کو لے کر ایک واویلہ مچا ہوا تھا۔ ایسے ہی حالات میں اخبارات میں چھپے ایک کارٹوں نے سب کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی تھی۔
کارٹوں میں داڑھی اور ٹوپی والے ایک بھاری بھرکم مولانا صاحب، ایک سرمنڈوائے، ماتھے پہ تلک لگائے اور زعفرانی رنگ کے لباس میں ملبوس شخص کا ہاتھ تھامے سراپا شکر گذار بنے اس کے سامنے کھڑے تھے۔ نیچے لکھا تھا۔
’’ہم نے تو عمریں صَرف کردیں، اپنی خواتین کے لباس اور حجاب کو لے کر مگر سب بے سود رہا۔ ڈوپٹہ تک سر سے غائب ہوگیا تھا اور اب تو پائجامہ بھی ٹخنوں سے اوپر چڑھ آیا تھا۔ آپ لوگوں نے ہماری خواتین کو پل بھر میں باپردہ اور باحجاب بنا دیا۔ ہم آپ کے بے حد ممنون ہیں۔‘‘
ساج راجوری، جموں،موبائل نمبر؛9858009983
خوفِ خدا ہو جنکو وہ ڈرتی ہیں بیٹیاں
حجاب جو بھی پہنیں وہ جچتی ہیں بیٹیاں
آنکھوں میں جولگائیں وہ کاجل ہوں حیا کے
سب سے وہی تو اچھی لگتی ہیں بیٹیاں
ماں باپ سے ملتی ہے جب اُن کو نصیحت
پردے کی لاج جاکے تب رکھتی ہیں بیٹیاں
لبریز وفائوں سے ہو جب اُن کا لہو بھی
قربان اپنی جان تب کرتی ہیں بیٹیاں
طوفانِ جست و خیز مچاہے، بچائے رب
ہر ہر قدم پہ سحرؔ تڑپتی ہیں بیٹیاں
ثمینہ سحرؔ مرزا
بڈھون، راجوری، جموں
لڑکی ہوں حفاظت مری کرتا حجاب ہے
میرے لئے نہیں تری خاطر عذاب ہے
اے جاہلِ جدید ترے ہر سوال کا
شرم و حیاء کے حرف و معانی، جواب ہے
تُوسوچتا ہے تیری روکاوٹ سے ڈروں گی
یہ کوئی حقیقت نہیں بس تیرا خواب ہے
کرتا ہے جس پہ چلنے کی تُو مجھ کو ہدایت
منزل کی راہ نہیں وہ بس اک سراب ہے
ہاتھوں میں جو گلدستہ میرے واسطے رکھا
تیز اب سجا رکھا بہ شکلِ گُلاب ہے
سیرت مری، لباس سے اے جانچنے والے
ماحول کو کرتا ہے کیوں ایسے خراب ہے
راشدؔ اشرف
کرالہ پورہ، چاڈورہ
موبائل نمبر؛9622667105