تنظیم المدارس اہل سنت کا مشاورتی اجلاس منعقد

سرنکوٹ//دارالعلوم رضویہ سلطانیہ سرنکوٹ میں تنظیم المدارس اہل سنت ( صوفی) کے بینر تلے زیر صدارت مولانا سیّد محمد اشرف کچھوچھوی صدرآل انڈیا علماءومشائخ بورڈ وورلڈ صوفی فورم منعقدہ غیرمعمولی مشاورتی اجلاس میں خطہ پیر پنچال کے مقتدر علماءومشائخ آئمہ مساجد سربرہان مدارس نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔دانشورانہ ماحول میں ملت اسلامیہ کو درپیش سنگین وحساس معاملات پر غوروفکر حکمت وتدبر کی نہج پر روبہ عمل لانے کے اہم فیصلے لئے گئے جن میں جملہ اساسی مقاصد ،روابط مدارس اسلامیہ کے مربوط ومستحکم انتظامات ،تعلیمی شعبہ جات میں نصابی وامتحانی یکسانیت ،ثمر آور وشفاف نتائج کی برآمدگی،دینی وعصری سرگرمیوں کی انجام دہی میں درکار سہولیات کی فراہمی اور جملہ درسی تدریس وتربیتی سرگرمیوں میں فعالیت درج فہرست ہیں۔ اس کے علاوہ اہل سنت وجماعت کی تنظیمی ساخت کو مستحکم کرنے کے لئے پانچ سال متعین مدت پوری ہونے پر جماعت اہلسنت صوبہ جموں کی باڈی تحلیل کردی گئی جس کے بعد متفقہ طور مولانا مفتی سیّد بشارت حسین کو دوبارہ صوبائی صدر جماعت اہل سنت منتخب کرلیا گیا ہے اور ان کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ دو ماہ کے اندر اندر مجلس شوریٰ کی تشکیل دیں تاکہ مجلس شوریٰ کی مشاورت سے باقی عہدیداران وذمہ داران کا انتخاب عمل میں لایاجائے ۔نیز وقف اسلامیہ تحصیل سرنکوٹ کی جائیداد واملاک کے انگنت مسائل کے حل وعقد اوردیگر گوں تصفیہ طلب معاملات کو سرانجام دینے اور بروقت نگرانی کے لئے تحصیل سرنکوٹ سے ہی اوقاف ایڈمنسٹریٹر مامور کئے جانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ۔مہمان خصوصی مولانا محمد اشرف الجیلانی صدر علماءومشائخ نے اپنے فرمودات وملفوظات پر مبنی پند ونصائح کے دوران علماءکرام وروحانی اور تنظیمی نمائندگان کو اشتراک واتحاد پر قائم شدہ ماحول میں صوفیائے کرام کے مشن کو فروغ دینے اور مخلوق خداوندی تک احکام الہیٰ کو اتباع سنت اور بزرگان دین سے وابستگی کے ذریعہ پیار محبت سے پہچانے کی ہدایت کی اور خبردار کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ سیاست کو شجر ممنوعہ مت بنا ئیے بلکہ حاکم وقت سے بہتر مراسم رکھنا لازمی ہے اور درباری بننا معیوب ہے انھوں نے کہا کہ تنظیم المدارس اہل سنت صوفی جموں وکشمیر کے عہدیداران وذمہ داران مولانا اشرف جنرل سکریٹری ٹی ایم اے کی قیادت میں بہترین کام کرہے ہیں۔اس موقع پر مولانا مدثر حسین قادری ضلع صدر پروگرام کوآرڈی نیٹر مولانا فاروق حسین مصباحی جوائنٹ سکریٹری نے تنظیمی اغراض ومقاصد سے متعارف کروایا۔ مولانا محمد سلطان نقشبندی نے اہلسنت وجماعت کی تحلیل وتشکیل بابت مسودہ پیش کیا جبکہ مولانا مفتی محمد اسلم رضا مصاحی صوبائی صدر تنظیم المدارس اہلسنت صوفی جموں وکشمیر نے نظامت کے فرائض بحسن وخوبی سر انجام دیئے ۔