سرینگر //کشمیر میں گوشت کی قیمتوں کے سلسلے میں جاری تعطل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ، اپنی پارٹی نے منگل کو جموں و کشمیر کی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ مٹن بحران کے فوری حل کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں۔ مٹن ڈیلروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ، پارٹی کے جنرل سیکریٹری رفیع احمدمیر نے مٹن کی قیمتوں کے تعین پر برف توڑنے میں انتظامیہ کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ مٹن نرخوں پر تعطل نے وادی بھر کے صارفین کیلئے بے حد تکلیف پیدا کردی ہے۔ میر نے کہا کہ حکومت تعطل کا خاتمہ کرنے کے لئے ایک جامع حل تلاش کرنے کے لئے تمام فریقین کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرے۔ میر نے کہا’’حکومت کو لازمی طور پر مٹن ڈیلرز ، سول سوسائٹی ممبران اور قابل احترام شہریوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہئے تاکہ ایک قابل عمل حل وضع کیا جائے جو تمام فریقوں کے لئے قابل قبول ہو۔