سرینگر//پبلک پراسیکیوٹراور اسسٹنٹ پبلک پراسیکوٹر کو خدمات سے برطرف کرنے کے محض دو ہفتوں بعد گورنرانتظامیہ نے ذیلی عدالتوں میں سرکار کی طرف سے مقدمات کی پیروی کررہے تمام وکلاء کو برخواست کیا ہے ۔محکمہ قانون نے جمعہ کو آر ڈر جاری کرتے ہوئے ان تمام سرکاری وکلاء کو برطرف کردیا جن میں سے بیشتر پی ڈی پی۔بی جے پی کے تین سالہ دور اقتدار میں تعینات کئے گئے تھے ۔لاء سیکریٹری انچل سیٹھی کی طرف سے جاری شدہ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں قائم سبھی ذیلی عدالتوں میں تعینات سرکاری وکلاء کی خدمات ختم کی جاتی ہیں ۔اس حکمنامے کا اطلاق فوری طور ہوگا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ دو ہفتے قبل ہی گورنر انتظامیہ نے تمام پبلک پراسیکوٹراور اسسٹنٹ پبلک پراسیکوٹرز کو طرف طرف کیا گیا تھا ۔محکمہ قانون کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ پی ڈی پی۔بھاجپا حکومت کے دوران 500سے600وکلاء کو سرکاری سطح پر تعینات کیا گیا تھا جن میں سے 350سے400وکلاء اب بھی سرکاری مقدمات کی پیروی کیلئے مقرر تھے ۔واضح رہے کہ ریاستی انتظامیی کونسل نے 13جون کی اپنی میٹنگ کے دوران سرکاری وکلاء کی تعداد120تک مختص کرنے کا فیصلہ کیا تھا