جموں/ /خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار نے کہا کہ حکومت مختلف فیئر پرائس شاپوں اور راشن ڈیپوئوںمیں پوائنٹ آف سیل مشینیں نصب کرنے جارہی ہے ۔ وزیر نے صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا کی موجودگی میں وجے پور کے گورنمنٹ سیلز ڈیپو ئوں میں پی او ایس مشین لگانے کے موقعہ پر ان باتوں کا اظہار کیا۔ انہوںنے بڑی برہمنا اور سانبہ کے سیلز ڈیپو میں بھی ان مشینوں کے چالو کرنے کی تقریب میں حصہ لیا ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی نے کہا کہ یہ مشینیں ایک سرور کے ساتھ جڑی ہے جو پورٹل پر تمام ٹرانزکشن اَپ لوڈ کرتا ہے اور جسے ملک کے کسی حصہ میں کسی بھی وقت دیکھا جاسکتا ہے ۔دریں اثنا صنعت و حرفت کے وزیر چندر کاش نے کہا کہ حکومت وزیر اعظم نریندر مودی کے ڈیجیٹل انڈیاکے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں کوئی کسر اٹھانہیں رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ پی او ایس مشینوں کی بدولت بلیک مارکیٹنگ کو روکنے اور صارفین اپنا حق دلانے میں کامیابی ہوگی ۔بعد میں وزراء سانبہ میں زیر تعمیر گجر وبکروال بوائز ہوسٹل کا دورہ کیا۔ جو 3.25 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے ۔وزیر کو بتایا گیا کہ ابھی تک 2کروڑ روپے ہوسٹل کی تعمیر کے لئے واگذار کئے گئے ہیں جس میں 100گجرو بکروال طلاب کی رہائشی گنجائش موجود ہوگی ۔ڈائریکٹر خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین، کنٹرولر لیگل میٹرولوجی ، ڈائریکٹر قبائلی امور ، سیکرٹری گجرو بکروال مشاورتی بورڈ و دیگر افسران اس موقعہ پر موجودتھے۔