بانڈی پورہ//سرحدی تحصیل گریز کے تلیل علاقے میںدوران شب آگ کی ایک ہولناک واردات میں10 رہائشی مکانات سمیت14ڈھانچے مکمل طور پر خاکستر ہوگئے۔ سب ڈویڑنل مجسٹریٹ گریز مدثراحمد کے مطابق تاتری بستی جولائن آف کنٹرول کے متصل واقع ہے، میںمنگل اور بدھ کی درمیانی رات کو ایک رہائشی مکان سے آگ ظاہر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ مقامی باشندوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن اس دوران تمام بستی ہولناک آگ کی لپیٹ میں آچکی تھی۔ ایس ڈی ایم نے کہا کہ اطلاع ملتے ہی صبح سویرے ہی جائزہ لینے کیلئے ٹیم روانہ کردی گئی اور کمبل وغیرہ پر مشتمل امدادی سامان روانہ کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے کہا کہ متاثرین کو محفوظ جگہوں پر منتقل کیا گیا ہے اور امداد کے طور پر بنیادی ضروریات بھی روانہ کردی گئیں۔ منگل اوربدھ کی درمیانی رات کو اڈھائی بجے غلام نبی لون ولد عبدالغفور لون کے گھر سے آگ ظاہرہوئی جوفوج کے ساتھ بطور پورٹر کام کرتا ہے۔ قریبی فوجی کیمپ نے گاوں میں آگ دیکھتے ہی آگ بجھانے کا سامان لے کر پہنچی اور لوگوںکو ان کے گھروں سے باہر نکالا اورپھرفوجی اہلکاروںنے فائرسروسزاہلکاروں اورمقامی لوگوںکے اشتراک سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔فوجی ترجمان نے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔مشمولات جے کے این ایس
لیفٹیننٹ گورنر کا اظہار یکجہتی
متاثرین کیلئے فوری امداد کا حکم، بحالی کی یقین دہانی
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے گریز آتشزدگی واردات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ کو موقع پر جائزہ لینے اور امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ضلعی حکام نے فوری طور پر کمبل، اشیائے خوردنی کے کٹ (کھانے کا تیل، دالیں وغیرہ)، گھریلو برتن اور 1.50 لاکھ روپے (ہر خاندان کو 15000روپئے) کی فوری نقد امداد فراہم کی ہے۔انتظامیہ نے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔جہاں ضرورت ہو وہاں عارضی بحالی اورمنتقلی کا بھی انتظام کیا جائے گا۔مزید ہر متاثرہ خاندان کو جن کا رہائشی ڈھانچہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، کو 1.10 لاکھ روپے کی امداد SDRF کے اصولوں کے تحت جاری کی جائے گی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ہر خاندان کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو نئے مکانات کی تعمیر کیلئے مزید مدد فراہم کی جائے۔سب ڈویڑنل انتظامیہ کے سینئر افسران بھی متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے موقع پر تعینات ہیں۔
نیشنل کانفرنس کا اظہارِ ہمدردی
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گریز کے تاتری کلشے گائوں میں ہولناک آتشزدی واردات میں بھاری نقصان پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ آتشزدگان کی فوری بازآبادکاری کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور فی الوقت متاثرین کے قیام و طعام کا انتظام کیا جائے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، رکن پارلیمان ایڈوکیٹ محمد اکبر لون اور سینئر لیڈر نذیر احمد خان گریزی نے ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ پر زور دیا کہ متاثرین کی فوری بازاابادکاری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔