جموں //گوجربکروال دیش تحریک انصاف کے صدرچوہدری نزاکت کھٹانہ نے تلواڑہ ریاسی کی عصمت دری متاثرہ لڑکی کی نعش بازیاب کرنے کامطالبہ کیاہے ۔یہاں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے گوجربکروال دیش تحریک انصاف کے صدر چوہدری نزاکت کھٹانہ نے کہاکہ تلواڑہ ریاسی کی ایک 19سالہ لڑکی کومبینہ طورپر اغواکرکے دوافرادنے اس کی عصمت ریزی کی ۔انہوں نے کہاکہ پولیس نے اگرچہ مشتبہ افرادکوگرفتارکیاہے جنھوں نے بتایاکہ انہوں نے لڑکی کودریاکے کنارے پھینک دیاتھا لیکن ابھی تک پولیس لڑکی کی نعش بازیاب کرنے میں ناکام رہی ہے۔نزاکت کھٹانہ نے کہاکہ جموں خطے میں عصمت دری کی تیسری بڑی واردات ہے جس میں مسلم لڑکیوں کونشانہ بنایاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارامطالبہ ہے کہ پانچ دنوں کے اندر یعنی 20اگست تک لڑکی کی نعش برآمد کی جائے۔انہوں نے کہاکہ اگرپولیس نعش کوبازیاب کرنے میں ناکام رہی تو بڑے پیمانے پرسڑکوں پرآکر گوجربکروال تحریک انصاف احتجاج کرے گی۔ انہوں نے آئی جی جموں سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ وہ عصمت دری کرنے والے افرادکوسخت سے سخت سزادلانے کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے سیدمرفادشاہ کی ہلاکت کوایک سازش قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ ابھی تک قاتلوں کے خلاف ایف آئی آردرج نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے گول میں ایک مویشی بیوپاری کی ہلاکت کی بھی غیرجانبدارانہ تحقیقات کی مانگ کی ۔اس دوران پریس کانفرنس میں چوہدری اسلم، مولوی عباس، چوہدری علی حسین،شوکت احمد،لیاقت چوہدری، چوہدری سراجوودیگران بھی موجودتھے۔